خیبر پختونخواحکومت کی ہدایات کی روشنی میں صوبے میں ٹیکس نظام کو مزید شفاف، سہل اور عوام دوست بنانے کے لیے محکمہ ایکسائز کی کوششیں جاری ہیں

خیبر پختونخواحکومت کی ہدایات کی روشنی میں صوبے میں ٹیکس نظام کو مزید شفاف، سہل اور عوام دوست بنانے کے لیے محکمہ ایکسائز کی کوششیں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ایک اہم اجلاس ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر مردان محمد خالد خان اور مردان چیمبر آف کامرس کے تاجران و نمائندگان کے مابین منعقد ہوا، جس میں تاجروں کو درپیش مسائل، تحفظات اور تجاویز پر تفصیلی اور مثبت انداز میں تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ حکومت اور تاجر برادری کے درمیان باہمی اعتماد اور تعاون کو فروغ دے کر ٹیکس نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔ تاجروں کی سہولت اور فوری رہنمائی کے پیش نظر مردان چیمبر آف کامرس میں“ٹیکس فیسلیٹیشن اینڈ شکایات ڈیسک”قائم کیا گیا جہاں نور رحمان انسپکٹر ایکسائز کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ اس ڈیسک کے ذریعے تاجران اپنے مسائل اور شکایات آسانی کے ساتھ متعلقہ حکام تک پہنچا سکیں گے تاکہ ان کے بروقت حل کو یقینی بنایا جا سکے۔اجلاس میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ کسی بھی قسم کی سیلنگ کارروائی سے قبل متعلقہ انجمن تاجران کو باقاعدہ طور پر اعتماد میں لیا جائے گا، تاکہ تاجروں کے تحفظات کا بروقت ازالہ ہو سکے اور کاروباری سرگرمیاں خوشگوار ماحول میں جاری رہیں۔اس موقع پر تاجران تنظیموں کے نمائندگان نے محکمہ ایکسائز کے اقدامات کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ اس قسم کے مثبت اقدامات سے نہ صرف تاجروں اور حکومتی اداروں کے درمیان روابط مضبوط ہوں گے بلکہ ٹیکس نظام میں بہتری اور عوامی اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔اجلاس میں ظاہر شاہ صدر مرکزی انجمن تاجران و صوبائی جنرل سیکریٹری خیبر پختونخوا، حاجی اویس خان صدر مردان چیمبر آف کامرس، حاجی وحید گل نائب صدر مردان چیمبر آف کامرس، صاحبزادہ سینئر وائس صدر مردان چیمبر آف کامرس، شاہ جی سینئر وائس پریزیڈنٹ انجمن تاجران مردان، غلام سرور صدر جیولرز ایسوسی ایشن، وقار باچا سیکریٹری انجمن تاجران مردان و صدر سبزی منڈی مردان، حاجی فقیر محمد صراف نائب صدر آل پاکستان جیولرز ایسوسی ایشن سمیت مختلف تاجران تنظیموں کے عہدیداران اور نمائندگان نے شرکت کی۔

مزید پڑھیں