وفاقی حکومت ہر ہفتے منی بجٹ دے رہی ہے پیٹرولیم لیوی میں ہفتہ وار اضافہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں دیکھا گیا۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم

مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے پیٹرولیم مصنوعات اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ہر ہفتے منی بجٹ دے رہی ہے لیوی میں ہفتہ وار اضافہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں دیکھا گیا۔ مزمل اسلم نے کہا کہ 1958 سے لیکر اب تک پاکستان 24واں آئی ایم ایف پروگرام میں ہے لیکن ماضی میں کسی بھی پروگرام کے دوران لیوی میں اتنی بار تبدیلی نہیں دیکھی گئی۔ ان خیالات کا اظہار مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے گزشتہ روز اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔ مزمل اسلم نے کہا کہ شہباز شریف حکومت آئی ایم ایف کے مطالبات پر حد سے زیادہ ردِعمل دکھا رہی ہے۔ پیٹرول کی قیمت 416 روپے فی لیٹر صرف بے رحمانہ انداز میں لیوی منتقل کرنے کی وجہ سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہر ماہ 130 سے 150 ارب روپے لیوی کی مد میں وصول کر رہی
ہے یعنی حکومت ہر ہفتے 30 سے 35 ارب روپے پیٹرول لیوی سے جمع کرتی ہے۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے کہا کہ وزیراعظم کا 129 ارب روپے سبسڈی دینے کا دعویٰ میرے خیال میں عارضی تھا۔ حکومت ابتدائی پی ڈی سی (Price Differential Claim) کی وہ رقم پوری کر رہی ہے جو حکومت نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو ادا کی تھی۔ مزمل اسلم نے کہا کہ عوام کی جانب سے قربانی بہت ہوگئ۔ اگر آمدنی اور اخراجات نہیں سنبھالے جارہے تو حکومت عوام پر اس کا بوجھ مزید نہیں ڈالیں۔ عوام کے حالات اس قابل نہیں رہے کے وہ اپنا دو وقت کا کھانا بھی پورا کر سکیں۔ عوام کو کرایہ، سواری، دوائی اور تعلیم تو اب ادا کرنا ناممکن ہو گیا ہے۔ مزمل اسلم نے کہا کہ کراچی میں تو پانی بھی پٹرول کی طرح نایاب ہے۔ ایک دوسرے بیان میں مزمل اسلم نے ایک صحافی کی جانب سے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو موجود حالات کا زمہ دار قرار دینے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اصل میں یہ شہباز شریف حکومت کی ناکامی ہے۔ صرف ایک شخص پر الزام ڈال کر وزیراعظم کو بری الذمہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔ مسلسل چار سال تک اتنی کم معاشی ترقی اور بلند مہنگائی، تجارت، زراعت، صنعتوں اور مالیات سمیت سب شعبوں کی ناکامی ہے یہ ایک ہمہ گیر ناکامی ہے

مزید پڑھیں