ہزارہ ڈویژن میں عیدالاضحیٰ پر بہترین انتظامات، ایندھن کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور سیاحوں کو بھرپور سہولیات فراہم کی جائیں، کمشنر ہزارہ

کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ کی زیر صدارت عیدالاضحیٰ کے انتظامات، صفائی، سکیورٹی، ایندھن کی فراہمی اور سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ہزارہ ریجن کے تمام ڈپٹی کمشنرز ، ڈی پی اوز اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف اداروں کی جانب سے عید انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ ریجنل پولیس آفیسر ہزارہ ناصر محمود ستی بھی اجلاس میں موجود تھے۔کمشنر ہزارہ نے ہدایت کی کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر تمام مویشی منڈیوں میں بہترین سہولیات اور مؤثر انتظامات یقینی بنائے جائیں جبکہ غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بغیر این او سی قربانی کی کھالیں جمع کرنے والے اداروں اور افراد کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ آلائشوں اور ویسٹ ڈسپوزل کے لیے باقاعدہ زونز قائم کیے جائیں اور صفائی کے عمل کی مسلسل نگرانی کی جائے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔ کمشنر ہزارہ نے تمام امیوزمنٹ پارکس کو عید سے قبل اپنی فٹنس اور حفاظتی انتظامات مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس میں سیاحوں کی سہولت اور تحفظ کو خصوصی اہمیت دی گئی۔ کمشنر ہزارہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ سیاحوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے اور انہیں غیر ضروری طور پر تنگ نہ کیا جائے۔ انہوں نے محکمہ پولیس، ایکسائز اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ سیاحوں کی گاڑیوں کے بے جا چالان سے گریز کیا جائے، تاہم سکیورٹی کے پیش نظر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز جاری رکھے جا سکتے ہیں۔کمشنر ہزارہ نے تمام اضلاع میں عید کے دوران ریکوری گاڑیوں کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ عید کے دنوں میں پٹرول اور ڈیزل کی قلت سے بچنے کے لیے تمام پٹرول پمپس پر ایندھن کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ شہریوں اور سیاحوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔کمشنر ہزارہ نے کہا کہ تمام محکمے سرکار کے ادارے ہیں اور ان کا بنیادی مقصد عوام کی خدمت ہے، اس لیے تمام افسران اور عملہ اپنی ذمہ داریاں مکمل احساس اور دیانتداری کے ساتھ انجام دیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے عیدالاضحیٰ کے دوران مؤثر رابطے اور بروقت کارروائی کے لیے اپنے اپنے کنٹرول رومز فعال کریں تاکہ شہریوں اور سیاحوں کو فوری سہولیات اور معاونت فراہم کی جا سکے۔کمشنر ہزارہ نے کہا کہ ہزارہ ڈویژن امن و امان کے حوالے سے مکمل طور پر محفوظ ہے اور سیاحتی مقامات پر کسی بھی قسم کی ہڑل بازی یا بدامنی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس میں ہوٹل مالکان کو بھی ہدایت جاری کی گئی کہ وہ سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کریں اور خوش اخلاقی کو یقینی بنائیں، بصورت دیگر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزید پڑھیں