وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار کا محکمہ خوراک کے گندم گودام کا دورہ

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار نے کوہاٹ روڈ پشاور میں محکمہ خوراک کے گندم گودام کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے گودام میں موجود گندم کے ذخائر، سٹاک رجسٹر، ریکارڈ اور ذخیرہ کرنے کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ڈاکٹر محمد اسرار نے گودام میں گندم کے معیار، صفائی ستھرائی، اور ذخیرہ کرنے کے طریقہ کار کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ گندم کے ذخائر کو موسمی اثرات، نمی، کیڑوں اور دیگر ممکنہ نقصانات سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
انہوں نے گودام کے ریکارڈ اور سٹاک رجسٹر کی جانچ پڑتال کرتے ہوئے شفافیت اور درست اندراجات کی اہمیت پر زور دیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ گندم کے ذخائر کی مسلسل نگرانی اور باقاعدہ آڈٹ کو یقینی بنایا جائے۔
اس موقع پر ڈاکٹر محمد اسرار نے کہا کہ عوام کو معیاری آٹے کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے گندم کے سرکاری ذخائر کی حفاظت، مؤثر انتظام اور بروقت دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
دورے کے دوران محکمہ خوراک کے ڈائریکٹر فوڈ محسن اقبال اور دیگر افسران بھی موجود تھے جنہوں نے گندم کے ذخائر اور انتظامی امور کے حوالے سے مشیرِ خوراک کو تفصیلی بریفنگ دی۔

مزید پڑھیں