محکمہ ریلیف کی سرکاری گاڑیاں مسنگ؟ ثمر ہارون بلور کا بڑا ایکشن

مشیر گورنر خیبر پختونخوا برائے اطلاعات و تعلقات عامہ، ریلیف، بحالی و آبادکاری ثمر ہارون بلور نے محکمہ ریلیف اور اس کے ماتحت اداروں کی سرکاری گاڑیوں کے ریکارڈ میں مبینہ بے ضابطگیوں کا نوٹس لیتے ہوئے گزشتہ 13 سال کے دوران مسنگ اور ناقابلِ سراغ ہونے والی سرکاری گاڑیوں کی مکمل تفصیلات طلب کر لی ہیں۔مشیر گورنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ محکمہ ریلیف کے زیرِ استعمال تمام سرکاری گاڑیوں کا جامع ریکارڈ مرتب کیا جائے، جس میں گاڑیوں کے رجسٹریشن نمبرز، کمپنیوں، ماڈلز اور دیگر ضروری کوائف شامل ہوں۔ اس کے علاوہ سرکاری گاڑیاں استعمال کرنے والے تمام افسران و اہلکاروں کے نام، عہدوں اور ان کے زیرِ استعمال گاڑیوں کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں۔ثمر ہارون بلور نے ہدایت کی ہے کہ گزشتہ 13 سال کے دوران مسنگ یا غیر حساب شدہ سرکاری گاڑیوں کی نشاندہی کرکے ان کے ذمہ دار افسران و اہلکاروں کا تعین کیا جائے اور متعلقہ افراد کو باقاعدہ نوٹسز جاری کیے جائیں۔انہوں نے واضح کیا کہ متعلقہ افسران و اہلکار 72 گھنٹوں کے اندر سرکاری گاڑیاں واپس پیش کریں، بصورتِ دیگر ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔مشیر گورنر نے محکمہ ریلیف کو ہدایت کی ہے کہ تمام مطلوبہ معلومات اور ریکارڈ کی مکمل جانچ پڑتال و تصدیق کے بعد پانچ روز کے اندر جامع رپورٹ پیش کی جائے تاکہ حقائق سامنے لانے کے ساتھ ساتھ ذمہ داران کا تعین بھی یقینی بنایا جا سکے۔اس موقع پر ثمر ہارون بلور نے کہا کہ “سرکاری گاڑیاں اور دیگر وسائل عوام کی امانت ہیں، ان کے تحفظ اور درست استعمال پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ سرکاری اثاثوں کے ریکارڈ میں شفافیت، جوابدہی اور ذمہ داران کے تعین کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔”انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری وسائل کے غیر ضروری استعمال، غفلت اور بے ضابطگیوں کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔ محکمہ ریلیف کے تمام متعلقہ حکام سرکاری گاڑیوں کے ریکارڈ کی درستگی، تکمیل اور دستیابی یقینی بنائیں۔ثمر ہارون بلور نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ سرکاری گاڑیوں کے ریکارڈ میں کسی قسم کی کوتاہی، غفلت یا بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی اور عوامی وسائل کے تحفظ کے لیے ہر ضروری قانونی و انتظامی اقدام اٹھایا جائے گا۔

مزید پڑھیں