مشیر اوقاف مذہبی و اقلیتی امور مولانا طیب قریشی نے کہا ہے کہ اقلیتی برادری کے طلباء و طالبات کی تعلیمی صلاحیتوں کو نکھارنے، ان کی حوصلہ افزائی کرنے اور روشن مستقبل کی راہیں ہموار کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ اقلیتی طلباء و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے خصوصی سکالرشپس فراہم کر رہی ہے، جس کا مقصد انہیں مالی معاونت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تعلیمی مواقع تک مساوی رسائی یقینی بنانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ اوقاف، مذہبی و اقلیتی امور خیبرپختونخوا کی جانب سے اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے طلباء و طالبات میں تعلیمی اسکالرشپس تقسیم کرنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے حطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں مشیر اوقاف، حج، مذہبی و اقلیتی امور، زکوٰۃ و عشر مولانا طیب قریشی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں سیکرٹری اوقاف محمد ادریس، ایڈیشنل سیکرٹری حبیب خان، بشپ ارنسٹ جیکب سمیت اقلیتی برادری کے رہنماؤں اور طلباء و طالبات نے شرکت کی۔تقریب کے دوران اقلیتی برادری کے طلباء و طالبات میں اعلیٰ تعلیم کے حصول میں معاونت کے لیے مجموعی طور پر 3 کروڑ 87 لاکھ روپے کی تعلیمی اسکالرشپس تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر مشیر اوقاف مولانا طیب قریشی نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت اقلیتی طلباء و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے خصوصی اسکالرشپس فراہم کر رہی ہے، جس کا مقصد انہیں مالی معاونت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تعلیمی مواقع تک مساوی رسائی یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی اسکالرشپ پروگرام کے تحت انٹرمیڈیٹ کے 240 طلباء و طالبات کو فی کس 60 ہزار روپے، بی ایس کے 120 طلباء و طالبات کو فی کس 80 ہزار روپے، پروفیشنل ڈگریز کے 80 طلباء و طالبات کو فی کس ایک لاکھ روپے جبکہ ایم فل کے 20 طلباء و طالبات کو فی کس ایک لاکھ 50 ہزار روپے اسکالرشپ فراہم کی جا رہی ہے۔ اسی طرح پی ایچ ڈی اسکالرز کے لیے فی کس 2 لاکھ 50 ہزار روپے تک اسکالرشپ فراہم کی جا رہی ہے۔مولانا طیب قریشی نے کہا کہ اقلیتی برادری کے طلباء و طالبات میں جلد لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے جبکہ نوجوانوں کی استعدادِ کار میں اضافے کے لیے ڈیجیٹل سکلز اور کوچنگ پروگرامز بھی متعارف کرائے جا رہے ہیں، تاکہ وہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے تعلیم اور روزگار کے بہتر مواقع حاصل کرسکیں۔مشیر اوقاف نے کہا کہ خیبرپختونخوا بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے ایک مثالی صوبہ ہے جہاں تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے شہریوں کے حقوق اور مذہبی آزادی کا احترام کیا جاتا ہے۔ حکومت اقلیتی برادری کے تعلیمی، سماجی اور فلاحی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ جبری مذہب کی تبدیلی کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اقلیتی برادری کے آئینی و قانونی حقوق کا ہر صورت تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتی برادری نے ملک کی تعمیر و ترقی میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں اور ملکی تاریخ کے مختلف ادوار میں ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔مولانا طیب قریشی نے کہا کہ جب بھی اقلیتی برادری پر مشکل وقت آیا، پورا پاکستان ان کے ساتھ کھڑا رہا۔ پاکستان کے قیام، ترقی اور خوشحالی میں اقلیتی برادری کی خدمات قابلِ تحسین ہیں اور حکومت ان کے کردار اور خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی اسکالرشپس، لیپ ٹاپس، ڈیجیٹل سکلز اور کوچنگ پروگرامز سمیت دیگر اقدامات حکومت کے اس عزم کا مظہر ہیں کہ اقلیتی برادری کے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے لیے مساوی مواقع فراہم کیے جائیں اور انہیں تعلیم و ہنر کے ذریعے ملکی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جائے۔اس موقع پر اقلیتی برادری کے نمائندوں نے تعلیمی سکالرشپس کی فراہمی، طلباء و طالبات کے لیے لیپ ٹاپ پروگرام اور دیگر فلاحی اقدامات پر خیبرپختونخوا حکومت اور محکمہ اوقاف کا شکریہ ادا کیا اور ان اقدامات کو اقلیتی نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔
