خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی ریاض خان سے ان کے دفتر پشاور میں سابق معاون برائے اقلیتی امور وزیرزادہ نے ملاقات کی ملاقات کے دوران صوبے میں اقلیتی برادری کو درپیش مختلف مسائل، ان کی فلاح و بہبود اور سرکاری ملازمتوں میں اقلیتی کوٹہ سمیت باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔سابق معاون خصوصی نے اقلیتی برادری کے نوجوانوں کو سرکاری ملازمتوں میں فراہم کردہ کوٹے پر مؤثر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس حوالے سے بعض تجاویز بھی پیش کیں۔ انہوں نے اقلیتی برادری کے افراد کو درپیش سماجی، تعلیمی اور روزگار کے مسائل سے بھی صوبائی وزیر کو آگاہ کیا۔صوبائی وزیر آبپاشی ریاض خان نے اس موقع پر کہا کہ اقلیتیں معاشرے کا اہم اور قابلِ احترام حصہ ہیں اور ان کے آئینی و قانونی حقوق کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت تمام شہریوں کو بلاامتیاز ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اقلیتی برادری کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔سابق معاون خصوصی نے اقلیتی برادری کے مسائل کو حل کرنے میں دلچسپی لینے پر صوبائی وزیر ریاض خان کا شکریہ ادا کیا
