کمشنر کوہاٹ کا رات گئے بلی ٹنگ ہسپتال کا سرپرائز وزٹ، غیر حاضر ڈاکٹر اور ٹیکنیشن کے خلاف فوری ایکشن

کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ نے رات گئے بلی ٹنگ ہسپتال کا اچانک دورہ کیا، جہاں طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی اور عملے کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ معائنے کے دوران ایک ڈاکٹر اور ایک ٹیکنیشن ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے جس پر کمشنر نے ان کے خلاف فوری قانونی اور محکمانہ کارروائی کے احکامات جاری کر دئیے۔ کمشنر نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کرتے ہوئے ادویات کے ذخائر، طبی آلات اور صفائی کے انتظامات کا معائنہ کیا اور مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔ تاہم بعض اہلکاروں کی غیر حاضری کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔ دورے کے دوران معتصم باللہ نے زیر علاج مریضوں کی عیادت بھی کی اور ان سے علاج معالجے، ادویات کی فراہمی اور طبی عملے کے رویے کے بارے میں دریافت کیا۔ مریضوں کے تاثرات کی بنیاد پر ہسپتال کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ کمشنر نے پانی اور بجلی کی فراہمی سمیت صفائی ستھرائی کے انتظامات کا بھی معائنہ کیا اور اس بات پر اطمینان ظاہر کیا کہ ہسپتال میں ضروری ادویات اور مختلف بیماریوں سے بچاؤ کیلئے درکار ویکسینز وافر مقدار میں دستیاب ہیں۔
انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے تمام طبی و انتظامی امور کی مسلسل نگرانی کی جائے جبکہ عملے کی حاضری اور فرائض کی انجام دہی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

مزید پڑھیں