چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ پشاور میں مون سون کی تیاریوں، جنگلاتی و شہروں میں آتشزدگی کے واقعات کی روک تھام اور موسم گرما کے دوران دیگر اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں مون سون سیزن کے دوران نامساعد حالات سے نمٹنےکے لئے ضروری احتیاطی تدابیر کے ضمن میں تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ تمام تحصیلوں کے ہنگامی منصوبوں کا ازسرنو جائزہ لے کر انہیں اپ ڈیٹ کیا جا چکا ہے، پناہ گاہوں کی نشاندہی اور حساس علاقوں کی میپنگ مکمل کر لی گئی ہے۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فرضی مشقیں (موک ڈرلز) بھی منعقد کی جا چکی ہیں۔ شہری سیلاب کے خطرات میں کمی لانے کے لیے آبی گزرگاہوں اور شہری نالوں کی صفائی کا عمل جاری ہے جبکہ حساس سڑکوں اور پلوں کا معائنہ بھی مکمل کر لیا گیا ہے تاکہ مون سون کے دوران آمدورفت بلا تعطل جاری رہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ گرمیوں کے موسم میں صحت عامہ اور عوامی تحفظ کے لیے خصوصی سمر پلان کی منظوری دی جا چکی ہے۔ ہیٹ ویو اور ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے لیے خصوصی کیمپ قائم کیے جا رہے ہیں اور ضروری ادویات کی دستیابی یقینی بنائی گئی ہے۔ نجی سوئمنگ پولز کی میپنگ اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ موسم گرما کی تعطیلات کے دوران سرکاری اسکولوں کی سالانہ مرمت و دیکھ بھال بھی جاری ہے۔ سیاحتی مقامات پر ریسکیو 1122 کی ایمبولینسز تعینات کر دی گئی ہیں اور دریاؤں میں ریسکیو آپریشنز کے لیے خصوصی انتظامات کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے۔ مزید برآں سیاحوں کو فوری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے زیادہ رش والے علاقوں میں موبائل ہیلتھ یونٹس اور ای پی آئی بائیکس بھی تعینات کر دی گئی ہیں۔جنگلاتی اور شہری آتشزدگی کی روک تھام کے حوالے سے اجلاس کو بتایا گیا کہ شدید گرمی کے پیش نظر آگ سے بچاؤ، تیاری اور بروقت ردعمل کے لیے جامع اقدامات فعال کر دیے گئے ہیں۔ تمام حساس علاقوں میں ویلج ڈیفنس کمیٹیاں تشکیل دی جا چکی ہیں جبکہ خطرے سے دوچار علاقوں کی نشاندہی اور میپنگ مکمل کر لی گئی ہے۔ تاجروں کے تعاون سے آگاہی مہمات چلائی جا رہی ہیں اور خطرناک برقی مقامات کی نشاندہی اور اصلاح کا عمل بھی جاری ہے تاکہ آتشزدگی کے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔اس موقع پر چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ نے تمام متعلقہ محکموں، ضلعی انتظامیہ اور اداروں کو ہدایت کی کہ وہ مون سون اور گرمیوں کے موسم کے دوران مکمل چوکس رہیں اور باہمی رابطہ کاری کو مزید مؤثر بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ گڈ گورننس روڈ میپ کے تحت عوامی آگاہی، بروقت ردعمل اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں، جن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
