معیاری اور بامقصد تعلیم کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے

خیبرپختونخوا کے وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سید فخر جہان نے پیر کے روز یونیورسٹی آف بونیر کا دورہ کیا جہاں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جمشید علی خان، انتظامی افسران اور تدریسی عملے نے ان کا استقبال کیا۔صوبائی وزیر نے طلبہ کی سہولت کے لیے یونیورسٹی میں 200 ایم بی پی ایس ہائی سپیڈ انٹرنیٹ سروس کی سہولت کا باقاعدہ افتتاح کیا جبکہ انہیں جامعہ میں جاری تدریسی و تحقیقی سرگرمیوں، نئے تعلیمی شعبہ جات، زیر تعمیر ترقیاتی منصوبوں اور مستقبل کے توسیعی پروگراموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔صوبائی وزیر نے یونیورسٹی کے مختلف حصوں کا معائینہ بھی کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر بلاامتیاز قوم کے بچوں اور نوجوانوں کو معیاری، جدید اور بامقصد تعلیم کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ایک روشن، باصلاحیت اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ بانی چیئرمین عمران خان کا حقیقی اور عوام دوست وژن ہے کہ ملک کے ہر بچے کو معیاری تعلیم اور ترقی کے مساوی مواقع میسر ہوں۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی قیادت میں صوبائی حکومت اسی وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔سید فخر جہان نے کہا کہ یونیورسٹی آف بونیر کو علاقے کے ایک معیاری تدریسی، تحقیقی اور علمی مرکز کے طور پر مزید مستحکم کیا جائے گا تاکہ بونیر اور ملحقہ علاقوں کے طلبہ کو اپنے ہی خطے میں اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے بہترین مواقع میسر آ سکیں اور انہیں بہتر مستقبل کی جانب پیش رفت کے لیے ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کیا جا سکے۔

مزید پڑھیں