محکمہ ایکسائز کی صوبہ بھر میں کارروائیاں، ٹیکس نادہندگان، غیر رجسٹرڈ گاڑیوں اور غیر قانونی جائدادوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

خیبرپختونخوا محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول کی جانب سے صوبہ بھر میں ٹیکس وصولی، گاڑیوں کی رجسٹریشن اور قانونی تقاضوں کی پابندی یقینی بنانے کے لیے مختلف اضلاع میں کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔پشاور میں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر (ای ٹی او VI) اعجاز انور نے سرحد چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیمبر کے صدر، عہدیداران اور کاروباری نمائندوں سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پراپرٹی ٹیکس اور کاروباری برادری کو درپیش مختلف مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ای ٹی او اعجاز انور نے ٹیکس دہندگان کو فراہم کی جانے والی سہولیات، ٹیکس نظام میں شفافیت اور حکومتی اصلاحاتی اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری کے ساتھ باہمی تعاون اور مسلسل مشاورت کے ذریعے محصولات کے نظام کو مزید مؤثر اور عوام دوست بنایا جا رہا ہے۔اس طرح ضلع ایبٹ آباد میں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس نے ایبٹ آباد پولیس کے تعاون سے غیر رجسٹرڈ موٹرسائیکلوں کے خلاف مشترکہ کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ مختلف مقامات پر ناکہ بندیاں اور چیکنگ پوائنٹس قائم کرکے متعدد غیر رجسٹرڈ موٹرسائیکلوں کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ محکمہ ایکسائز کے مطابق غیر رجسٹرڈ گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں سیکیورٹی، ٹریفک نظم و ضبط اور عوامی تحفظ کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں، اس لیے شہری اپنی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی بروقت رجسٹریشن یقینی بنائیں۔ایبٹ آباد میں ہی ایکسائز حکام نے ایکسپائر لائسنس کے حامل اور غیر قانونی طور پر کام کرنے والے شوروم مالکان کے خلاف بھی خصوصی کارروائی کی جس کے دوران متعدد شورومز کو سیل اور ٹیکس نادہندہ مالکان کے چالان کیے گئے۔اسی طرح کوہاٹ میں محکمہ ایکسائز نے پروفیشنل ٹیکس، پراپرٹی ٹیکس اور موٹر وہیکل ڈیلر ٹیکس کے نادہندگان کے خلاف خصوصی سیلنگ مہم چلائی۔ کارروائی کے دوران مین بازار، لاری اڈہ، پنڈی روڈ اور دیگر علاقوں میں متعدد دکانیں، مارکیٹیں، کاروباری مراکز، میڈیکل سینٹرز اور مختلف ڈاکٹرز کے کلینکس سیل کر دیے گئے۔ حکام کے مطابق واجبات کی ادائیگی تک سیل شدہ املاک اور کاروباری مراکز بند رہیں گے جبکہ نادہندگان کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رکھی جائیں گی۔محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول نے عوام اور کاروباری برادری کو مطلع کیا ہے کہ وہ اپنے ٹیکس واجبات، گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی رجسٹریشن، لائسنسوں کی تجدید اور دیگر قانونی تقاضوں کو بروقت مکمل کریں تاکہ کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی اور پریشانی سے بچا جا سکے۔

مزید پڑھیں