صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمٰن کی حیات آباد میڈیکل کمپلیکس آمد، گیس دھماکے میں زخمی ڈاکٹر ماجد کی عیادت کی

خیبرپختونخوا کے وزیر صحت خلیق الرحمٰن نے وقار ظہیر ہاسٹل میں پیش آنے والے افسوسناک گیس دھماکے میں شدید زخمی ہونے والے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے ٹرینی میڈیکل آفیسر ڈاکٹر ماجد کی عیادت کے لیے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کا دورہ کیا۔اس موقع پر انصاف ڈاکٹرز فورم پاکستان کے مرکزی صدر ڈاکٹر مُدیر خان وزیر، انصاف ڈاکٹرز فورم خیبرپختونخوا کے سابق صدر ڈاکٹر نبی جان آفریدی، سابق نائب صدور ڈاکٹر نظیف وزیر اور ڈاکٹر لیاقت وزیر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔صوبائی وزیر صحت نے ہسپتال انتظامیہ، ہسپتال ڈائریکٹر، ڈین حیات آباد میڈیکل کمپلیکس اور پلاسٹک اینڈ برن یونٹ کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر تحمید اللہ سے ملاقات کی اور ڈاکٹر ماجد کی موجودہ طبی حالت، جاری علاج اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔اس موقع پر وزیر صحت خلیق الرحمٰن نے ڈاکٹر ماجد اور ان کے اہلِ خانہ سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ حکومتِ خیبرپختونخوا ان کے علاج و معالجے کے لیے ہر ممکن تعاون اور تمام دستیاب وسائل فراہم کرے گی۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ڈاکٹر ماجد کو علاج کی بہترین سہولیات اور خصوصی طبی نگہداشت کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔وزیر صحت نے کہا کہ ڈاکٹر ماجد اس وقت ماہر معالجین کی نگرانی میں زیرِ علاج ہیں اور ان کی صحت یابی کے لیے تمام ضروری طبی وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر معالجین کی سفارش اور اہلِ خانہ کی رضامندی کی روشنی میں مستقبل میں ملک کے اندر یا بیرونِ ملک کسی خصوصی طبی مرکز میں علاج کی ضرورت پیش آتی ہے تو حکومت اس ضمن میں بھی مکمل معاونت اور تمام ضروری انتظامات کو یقینی بنائے گی۔خلیق الرحمٰن نے کہا کہ ڈاکٹرز ہمارے صحت کے نظام کا قیمتی سرمایہ ہیں اور حکومت ان کی فلاح و بہبود، تحفظ اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔انہوں نے ڈاکٹر ماجد کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل وقت میں حکومتِ خیبرپختونخوا ڈاکٹر ماجد اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

مزید پڑھیں