ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا کے صوبائی ہیڈکوارٹر پشاور میں نئے بھرتی ہونے والے اہلکاروں میں تقرر ناموں کی تقسیم کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں صوبائی وزیر برائے ریلیف، بحالی و آبادکاری عاقب اللہ خان، سیکرٹری ریلیف خیبرپختونخوا سہیل خان اور ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 شاہ فہد نے شرکت کی۔صوبائی ہیڈکوارٹر آمد پر ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 شاہ فہد نے صوبائی وزیر عاقب اللہ خان اور سیکرٹری ریلیف سہیل خان کا استقبال کیا، جبکہ ریسکیو 1122 کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمانوں کو سلامی پیش کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 شاہ فہد نے کہا کہ زیر التوا بھرتیوں کا عمل مکمل کرتے ہوئے تمام خالی آسامیوں کو میرٹ کی بنیاد پر پُر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین سال سے التوا کا شکار یہ بھرتیاں شفاف طریقے سے مکمل کی گئی ہیں اور ادارے میں پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے فروغ کے لیے مزید اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 کو خواتین اہلکاروں کی ضرورت ہے اور مستقبل قریب میں تقریباً 1200 مزید آسامیوں پر بھرتیاں کی جائیں گی۔ ڈی جی ریسکیو 1122 نے بتایا کہ دورانِ ڈیوٹی عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے خدمات انجام دیتے ہوئے ادارے کے تقریباً 12 اہلکار شہادت کا رتبہ حاصل کر چکے ہیں، جن کے لیے شہداء پیکیج کی منظوری حاصل کر لی گئی ہے۔سیکرٹری ریلیف خیبرپختونخوا سہیل خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ریسکیو 1122 پیشہ ورانہ خدمات اور عوامی اعتماد کے حوالے سے ملک کے ممتاز اداروں میں شمار ہوتا ہے۔ انہوں نے نئے بھرتی ہونے والے اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ خدمتِ خلق کے جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں کیونکہ ریسکیو سروس چوبیس گھنٹے عوام کی خدمت کے لیے ہمہ وقت تیار رہتی ہے۔صوبائی وزیر برائے ریلیف، بحالی و آبادکاری عاقب اللہ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھرتیوں کے دوران مختلف حلقوں سے سفارشات موصول ہوئیں، تاہم کسی قسم کی سفارش یا دباؤ کو قبول نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بھرتی کے پورے عمل کی ذاتی طور پر نگرانی کی گئی اور تمام امیدواروں کا انتخاب مکمل طور پر میرٹ، شفافیت اور اہلیت کی بنیاد پر کیا گیا۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محکمہ ریلیف اور ریسکیو 1122 میں میرٹ اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے رشوت ستانی کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ رشوت لینے اور دینے والے دونوں معاشرے اور نظام کے لیے نقصان دہ ہیں۔تقریب کے اختتام پر کامیاب امیدواروں میں تقرر نامے تقسیم کیے گئے۔ شرکاء نے امید ظاہر کی کہ نئے اہلکار ریسکیو 1122 کی پیشہ ورانہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے عوام کی خدمت میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں گے۔
