پشاور آفیسرز میس میں بنوں کے عمائدین کا امن گرینڈ جرگہ منعقد ہوا، جس میں بنوں میں امن و امان کی صورتحال، دہشتگردی کے خاتمے اور عوامی تعاون کے حوالے سے مختلف امور پر غور کیا گیا۔جرگہ نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے قوم، پولیس اور ریاستی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا اعلان کیا۔ شرکاء نے بنوں میں دہشتگردی کی حالیہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مؤثر آپریشنز کا مطالبہ کیا۔جرگہ نے عزم ظاہر کیا کہ تمام اقوام دہشتگردی کے خلاف ریاستی اداروں کا ساتھ دیں گی۔ اس موقع پر پولیس، سیکیورٹی فورسز اور عوامی شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔شرکاء نے مطالبہ کیا کہ پولیس اور سی ٹی ڈی کو جدید اسلحہ، ٹیکنالوجی اور وسائل فراہم کیے جائیں تاکہ دہشتگردی کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔جرگہ نے بنوں میں بند سڑکیں فوری کھولنے اور عوامی مشکلات ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ امن کے فروغ کیلئے قبائلی مشران پر مشتمل رابطہ کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز پیش کی گئی۔جرگہ کے شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ قوم اور ریاستی اداروں کا ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا وقت کی ضرورت ہے۔چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس نے جرگے کی تجاویز اور عزم کو سراہ دیا۔اس موقع پر چیف سیکرٹری نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح صوبے میں پائیدار امن کا قیام ہے۔آئی جی پولیس نے کہا کہ بنوں کے عوام کے تعاون سے دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنائیں گے۔جرگہ کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قوم، پولیس، فوج اور سیکیورٹی اداروں کے تعاون سے بنوں میں امن جلد بحال ہوگا۔
