خیبرپختونخوا کے وزیر برائے ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سید فخر جہان نے ہفتے کے روزحلقہ پی کے-26 بونیر میں محکمہ آبپاشی کے تحت 28 ملین روپے کی لاگت سے ندیوں اور آبی گزرگاہوں کی صفائی و بحالی منصوبے کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔
منصوبے کا آغاز ریگا خوڑ سے کیا گیا، جہاں ندیوں اور آبی گزرگاہوں سے جمع شدہ گاد، مٹی اور ریت کی نکاسی (ڈریجنگ و ڈی سلٹنگ) کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔محکمہ ایریگیشن کے افسران،پاکستان تحریک انصاف کے مقامی رہنما،ورکرز اور علاقے کے عوام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اس موقع پر سید فخر جہان نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی قیادت میں عوام کو سیلابی خطرات سے محفوظ بنانے، قدرتی آبی گزرگاہوں کی بحالی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ندیوں، نالوں اور خوڑوں کی بروقت صفائی سے نہ صرف پانی کے بہاؤ میں بہتری آئے گی بلکہ بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے دوران شہری آبادیوں، گھروں، زرعی زمینوں اور سرکاری و نجی املاک کو بھی نقصان سے بچانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ بونیر ماضی میں بھی شدید سیلابی ریلوں اور طغیانی سے متاثر رہا ہے، جس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور گھروں، املاک، فصلوں اور بنیادی ڈھانچے کو بھاری مالی نقصان پہنچا۔ ان تلخ تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبائی حکومت بروقت اور مؤثر حفاظتی اقدامات کو ترجیح دے رہی ہے تاکہ مستقبل میں ایسے نقصانات کا تدارک کیا جا سکے۔
