وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کےمعاونِ خصوصی برائے بہبود آبادی طفیل انجم کی زیر صدارت محکمہ بہبود آبادی کا اہم جائزہ اجلاس

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے بہبود آبادی طفیل انجم نے کہا ہے کہ محکمہ بہبود آبادی کی استعدادِ کار میں اضافے اور اسے دورِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ضروری اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں۔ ان اصلاحات کے ذریعے محکمہ کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی، خدمات کی فراہمی مزید مؤثر ہوگی اور مقررہ اہداف کے حصول میں آسانی پیدا ہوگی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کے روز پشاور میں محکمہ بہبود آبادی سے متعلق منعقدہ ایک اہم بریفنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سیکرٹری محکمہ بہبود آبادی انیلا محفوظ درانی، ڈائریکٹر جنرل بہبود آبادی عبداللہ، ڈائریکٹر ٹیکنیکل عفرانہ باسط سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران معاونِ خصوصی کو صوبے میں آبادی کو متوازن رکھنے، خاندانی منصوبہ بندی کے فروغ اور محکمہ کی مجموعی کارکردگی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ مختلف اضلاع میں جاری اقدامات، اہداف کے حصول اور عوامی آگاہی مہم کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے طفیل انجم نے کہا کہ محکمہ بہبود آبادی عوام کو معیاری خدمات کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، لہٰذا ادارے کی استعداد بڑھانے اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صوبے کے تمام اضلاع میں قائم فیملی ہیلتھ ورکر سینٹرز کو مزید مربوط، فعال اور مؤثر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو بروقت اور معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا آبادی کے متوازن نظم و نسق، ماں اور بچے کی صحت کے تحفظ اور خاندانی بہبود کے فروغ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے محکمہ بہبود آبادی کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں