وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے جنگلات و ماحولیات پیر مصور خان کا تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال درگئی کا اچانک دورہ

 وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر برائے جنگلات و ماحولیات پیر مصور خان نے کہا ہے کہ عوام کو معیاری صحت سہولیات کی فراہمی صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، درگئی ہسپتال میں جاری ترقیاتی منصوبے عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل درگئی ہسپتال کے اچانک دورے کے موقع پر کیا ہے۔ اس دوران اسسٹنٹ کمشنر درگئی ریاض محسود، ٹی ایم او درگئی، سب انجینئرز، ڈی, ڈی ایم ایس ودیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔پیر مصور خان نے ہسپتال میں زیرِ تعمیر اضافی کمروں کا معائنہ کیا اور تعمیراتی کام کی رفتار و معیار پر بریفنگ لی ہے۔ بریفننگ کے دوران بتایا گیا کہ نئی عمارت کی تکمیل کے بعد مختلف شعبوں کو وہاں منتقل کیا جائے گا، جس سے ہسپتال میں مریضوں کا رش کم ہوگا اور علاج معالجے کی سہولیات مزید بہتر ہوں گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبہ مقررہ مدت کے اندر اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے۔ انہوں نے تھیلیسیمیا سنٹر اور فزیوتھراپی اینڈ ری ہیبیلیٹیشن سنٹر کے قیام کے لیے نئی جگہ مختص کرنے کے حوالے سے بھی عملی اقدامات کیے اور اس منصوبے پر جلد پیش رفت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔ بعد ازاں پیر مصور خان نے ایمرجنسی، لیبارٹری اور مختلف وارڈز کا معائنہ کیا، مریضوں کی عیادت کی، ان کی خیریت دریافت کی اور ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بہترین طبی سہولیات، بروقت علاج اور خوش اخلاقی کے ساتھ خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہمارا مقصد عوام کو بروقت سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔

مزید پڑھیں