تحصیل کٹلنگ کو سب ڈویژن کا درجہ دینے کے حوالے سے اجلاس

وزیر برائے ریونیو و اسٹیٹ طارق محمود آریانی کی صدارت میں تحصیل کٹلنگ کو سب ڈویژن کا درجہ دینے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ ایڈوائزری کمیٹی ممبران سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران تحصیل کٹلنگ کو سب ڈویژن کا درجہ دینے سے متعلق مختلف انتظامی، قانونی اور عوامی پہلوؤں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور اس سلسلے میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر وزیر برائے ریونیو و اسٹیٹ طارق محمود آریانی نے کہا کہ تحصیل کٹلنگ کو سب ڈویژن کا درجہ دینا علاقے کے عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے، جس کی تکمیل سے نہ صرف عوام کو سرکاری خدمات ان کی دہلیز پر میسر آئیں گی بلکہ انتظامی امور میں بھی بہتری، ترقیاتی عمل میں تیزی اور عوامی مسائل کے بروقت حل کو یقینی بنایا جا سکے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومتِ خیبر پختونخوا عوامی سہولیات کی فراہمی اور انتظامی ڈھانچے کو مزید مؤثر بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، جبکہ دور دراز علاقوں کے عوام کو بہتر طرزِ حکمرانی فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔وزیر برائے ریونیو و اسٹیٹ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تحصیل کٹلنگ کو سب ڈویژن کا درجہ دینے کے حوالے سے تمام ضروری قانونی و انتظامی تقاضے جلد از جلد مکمل کیے جائیں اور اس ضمن میں پیش رفت سے باقاعدگی کے ساتھ آگاہ رکھا جائے تاکہ اس اہم عوامی منصوبے کو جلد عملی شکل دی جا سکے۔

مزید پڑھیں