وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان تاج محمد خان ترند کی خصوصی کاوشوں کی بدولت گورنمنٹ سکل ڈویلپمنٹ سنٹر بٹگرام کو گورنمنٹ پولی ٹیکنک انسٹیٹیوٹ کی سطح پر اپ گریڈ کیے جانے کے بعد اسے مکمل طور پر فعال بنانے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔اس سلسلے میں چیئرمین کے پی ٹیوٹا (KP-TEVTA) اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان تاج محمد خان ترند کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ادارے کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ادارے کو جلد از جلد مکمل طور پر فعال بنانے اور بٹگرام کے نوجوانوں کو جدید، معیاری اور مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ فنی و تکنیکی تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں ایک ماہ پر مشتمل جامع ایکشن پلان کی منظوری دی گئی، جس کے تحت فراہم کردہ مشینری و آلات کی تنصیب، خالی آسامیوں پر تبادلوں اور تقرریوں کے ذریعے عملے کی تعیناتی، ادارے کے پرنسپل کی تقرری، سول سرونٹس کی خالی اسامیوں کی نشاندہی، مطلوبہ بجٹ کی فراہمی اور نئے تعلیمی سیشن کے لیے داخلوں کا باقاعدہ آغاز یقینی بنایا جائے گا۔ اس ایکشن پلان پر مرحلہ وار عملدرآمد کی نگرانی بھی کی جائے گی تاکہ ادارہ مقررہ مدت کے اندر مکمل طور پر فعال ہو سکے۔اس موقع پر مشیر وزیراعلیٰ تاج محمد خان ترند نے کہا کہ بٹگرام کے نوجوانوں کو معیاری فنی و تکنیکی تعلیم اور جدید ہنر فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ادارے کو جلد از جلد مکمل فعال بنایا جائے تاکہ نوجوان اپنے ہی ضلع میں جدید تکنیکی تعلیم حاصل کرکے باعزت روزگار کے مواقع سے مستفید ہو سکیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خیبرپختونخوا حکومت، بالخصوص وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں، صوبے کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے، ہنرمند افرادی قوت کی تیاری اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی، جبکہ بٹگرام میں گورنمنٹ پولی ٹیکنک انسٹیٹیوٹ کا قیام اور اس کی فعالیت اس وژن کی جانب ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
