سیاحتی اثاثوں کا مؤثر استعمال، شفاف طرزِ حکمرانی اور عالمی معیار کی سیاحتی سہولیات کی فراہمی صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے، ملک عدیل اقبال

سوات ہوٹل (سابقہ سوات سیرینا ہوٹل) کی آؤٹ سورسنگ کے حوالے سے ٹیکنیکل کمیٹی کااجلاس وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے سیاحت، ثقافت، آثارِ قدیمہ و عجائب گھر ملک عدیل اقبال کی زیرِ صدارت پشاور میں منعقد ہوا۔اجلاس میں وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سید فخر جہاں، محکمہ سیاحت، محکمہ خزانہ، محکمہ مواصلات و تعمیرات، خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے اعلیٰ حکام اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی، جبکہ وزیر بلدیات مینا خان اور وزیر خزانہ مزمل اسلم بذریعہ زوم اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس میں سوات ہوٹل کی آؤٹ سورسنگ سے متعلق قانونی، مالی، تکنیکی اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء کو مجوزہ ٹرانزیکشن سٹرکچر، آؤٹ سورسنگ کے طریقہ کار، سرمایہ کاری کے امکانات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر جامع بریفنگ دی گئی۔ مختلف محکموں کی آراء اور تجاویز کی روشنی میں آؤٹ سورسنگ کے عمل کو مزید مؤثر، شفاف اور سرمایہ کار دوست بنانے کے مختلف پہلوؤں پر بھی غور کیا گیا۔اس موقع پر معاونِ خصوصی ملک عدیل اقبال نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت صوبے کے سیاحتی اثاثوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے، نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور سیاحت کے شعبے کو پائیدار بنیادوں پر ترقی دینے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوات ہوٹل کی شفاف، مسابقتی اور میرٹ پر مبنی آؤٹ سورسنگ سے نہ صرف ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو عالمی معیار کی سہولیات میسر آئیں گی بلکہ مقامی معیشت مستحکم ہوگی، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔معاونِ خصوصی نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ آؤٹ سورسنگ کے عمل کو تمام قانونی تقاضوں، حکومتی پالیسی اور مقررہ ٹائم لائن کے مطابق جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بین الادارہ جاتی تعاون کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ اس اہم سیاحتی منصوبے کو بروقت مکمل کر کے عوام اور سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے سوات ہوٹل کی آؤٹ سورسنگ کے عمل کو شفاف، بروقت اور مؤثر انداز میں مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور اس امر پر اتفاق کیا کہ یہ اقدام خیبرپختونخوا میں سیاحت کے فروغ اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

مزید پڑھیں