خیبرپختونخوا حکومت نے اقلیتی برادری کی مذہبی آزادی، فلاح و بہبود اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ایک اہم اقدام کے تحت صوبے بھر کی 117 اقلیتی عبادت گاہوں کو بنیادی سہولیات فراہم کر دیئے. اس سلسلے میں منعقدہ تقریبِ حوالگی میں صوبائی وزیر برائے اوقاف، حج، مذہبی و اقلیتی امور صاحبزادہ محمد عدنان قادری نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔تقریب میں سیکرٹری اوقاف، حج، مذہبی و اقلیتی امور عطاء الرحمان، محکمہ اوقاف کے اعلیٰ حکام، گوردواروں، گرجا گھروں اور مندروں کے مذہبی رہنماؤں سمیت اقلیتی برادری کے نمائندوں نے شرکت کی۔تقریب کے دوران صوبے بھر کی 117 اقلیتی عبادت گاہوں کے لیے مجموعی طور پر 1,122 ضروری اشیاء متعلقہ نمائندوں کے حوالے کی گئیں۔ فراہم کی جانے والی اشیاء میں 30 الیکٹرک واٹر کولرز، 25 ساؤنڈ سسٹمز، ایک ہزار اسٹیل کرسیاں، 37 بڑے سائز کے پتیلے، ایک جنریٹر اور 30 دیگر ضروری اشیاء۔ شامل ہیں، جن کا مقصد عبادت گاہوں میں مذہبی رسومات اور اجتماعات کے انعقاد کے لیے بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صاحبزادہ محمد عدنان قادری نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت اقلیتی برادری کے مذہبی، سماجی اور آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی عبادت گاہوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ایک اہم پیش رفت ہے جس سے مذہبی تقریبات کے انعقاد میں آسانی پیدا ہوگی اور اقلیتی برادریوں کو بہتر ماحول میسر آئے گا۔انہوں نے بتایا کہ ضم شدہ اضلاع کی 18 اقلیتی عبادت گاہوں کے لیے بھی ضروری سہولیات کی منظوری دی جا چکی ہے، جبکہ اس سے قبل بھی حکومت 85 اقلیتی عبادت گاہوں کو مختلف بنیادی سہولیات فراہم کر چکی ہے۔صوبائی وزیر نے مزید اعلان کیا کہ حکومت اقلیتی برادری کے قابل اور ذہین طلبہ و طالبات کے لیے لیپ ٹاپ اسکیم بھی متعارف کرا رہی ہے تاکہ انہیں جدید تعلیم اور ڈیجیٹل سہولیات تک بہتر رسائی حاصل ہو سکے۔اس موقع پر سیکرٹری اوقاف عطاء الرحمان نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتی برادریوں کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے خیبرپختونخوا حکومت نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عبادت گاہوں کو ان کی ضروریات کے مطابق سہولیات فراہم کی گئی ہیں تاکہ اقلیتی برادری اپنے مذہبی فرائض بہتر انداز میں انجام دے سکے۔تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر صاحبزادہ محمد عدنان قادری نے گوردواروں، گرجا گھروں اور مندروں کے نمائندوں میں سہولیات اور سامان تقسیم کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت اقلیتی برادریوں کی فلاح و بہبود، مذہبی آزادی اور سماجی تحفظ کے لیے آئندہ بھی مؤثر اقدامات جاری رکھے گی۔
