خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی کی زیر صدارت پیر کے روز ان کے دفتر میں محکمہ ہاؤسنگ کا ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ کے اعلیٰ حکام نے صوبے بھر میں جاری مختلف ہاؤسنگ سکیموں پر پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ہاؤسنگ زاہد خان، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل عامر زیب، ڈائریکٹر ٹیکنیکل عمران ہلال اور ایڈیشنل ڈائریکٹر ایڈمن امان الحق سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔حکام نے صوبائی وزیر کو جلوزئی ہاؤسنگ سکیم، جرمہ ہاؤسنگ سکیم، ملازو ہاؤسنگ سکیم، حیات آباد ہائی رائز منصوبے اور دیگر جاری ہاؤسنگ سکیموں پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر امجد علی نے تمام زیر تعمیر ہاؤسنگ سکیموں کو بلا تاخیر مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو باقاعدگی سے سائٹ وزٹ کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ہاؤسنگ کے حکام ایک ہفتے کے اندر ناصر باغ ہاؤسنگ سکیم سے متعلق جامع رپورٹ پیش کریں، جبکہ تمام جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ہفتہ وار اجلاس بھی منعقد کیے جائیں۔صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ ہاؤسنگ سکیموں میں مزید تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ہر منصوبے کی تکمیل کے لیے واضح مدت مقرر کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کسی صورت قابل قبول نہیں، محکمہ میں اصلاحات کے ذریعے شفافیت اور کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو مختلف ہاؤسنگ سکیموں کے باقاعدہ دوروں کا پابند بھی بنایا۔ڈاکٹر امجد علی نے مزید بتایا کہ وہ منگل کے روز حویلیاں ہاؤسنگ سکیم کے حوالے سے کھلی کچہری کا انعقاد کر وائیں گے، جبکہ جمعہ کے روز دنگرام ہاؤسنگ سکیم، سوات میں منعقد ہونے والے کھلی کچہری پروگرام میں بھی شرکت کریں گے۔
