وزیرِ ریونیو خیبر پختونخوا طارق محمود آریانی کی زیرِ صدارت محکمہ ریونیو میں جاری اصلاحات، سالانہ ترقیاتی پروگراکے منصوبوں اور جاری ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمہ ریونیو کی کارکردگی، اصلاحاتی اقدامات اور مستقبل کی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ، لینڈ ریونیو منصوبوں کے پراجیکٹ ڈائریکٹرز، رکن قومی اسمبلی عاطف خان، رکن قومی اسمبلی ارباب شیر علی اور ٹیکنیکل ایکسپرٹ سعید نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران محکمہ ریونیو کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری اور مجوزہ منصوبوں پر تفصیلی پریزنٹیشن دی گئی۔ شرکاء کو منصوبوں کی پیش رفت، اہداف اور درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا گیا، جبکہ ان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے مختلف تجاویز بھی پیش کی گئیں۔اجلاس میں محکمہ ریونیو کی ڈیجیٹلائزیشن کو اصلاحاتی عمل کا مرکزی ستون قرار دیا گیا۔ اس موقع پر زمینوں کے ریکارڈ کو جدید خطوط پر استوار کرنے، عوام کو شفاف، تیز رفتار اور آسان خدمات کی فراہمی، لینڈ ریکارڈ کے مکمل ڈیجیٹل نظام، اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے ذریعے ریونیو کے نظام کو مزید مؤثر اور عوام دوست بنانے پر تفصیلی غور کیا گیا۔وزیرِ ریونیو طارق محمود آریانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ ریونیو میں جدید اصلاحات اور ڈیجیٹلائزیشن حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام جاری منصوبوں کو مقررہ مدت اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو جدید، شفاف اور مؤثر ریونیو خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ ریونیو نظام کی ڈیجیٹل تبدیلی نہ صرف سرکاری امور میں شفافیت اور استعداد کار میں اضافہ کرے گی بلکہ عوام کو سہولت فراہم کرنے، بدعنوانی کے امکانات کم کرنے اور خدمات کی بروقت فراہمی میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔
