وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے فنی تعلیم اور چیئرمین خیبر پختونخوا تکنیکی تعلیم و فنی تربیت اتھارٹی محمد عثمان خان بیٹنی نے گورنمنٹ ٹیچر ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ، حیات آباد پشاور میں قائم مرکزِ امتیاز میں زگ زیگ اینٹ سازی ٹیکنالوجی پر مبنی جدید فنی و پیشہ ورانہ تربیتی پیکیج کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔تقریب کے دوران ماحول دوست صنعتی ترقی، جدید فنی تربیت کے فروغ اور ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کے لیے تیار کردہ قابلیت پر مبنی تربیتی پیکیج پیش کیا گیا۔ یہ پیکیج اینٹ سازی کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور صنعت کی ضروریات سے ہم آہنگ مہارتوں کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گا۔تقریب میں سندھ حکومت کے معاونِ خصوصی برائے تکنیکی تعلیم جنید بلند، منیجنگ ڈائریکٹر خیبر پختونخوا تکنیکی تعلیم و فنی تربیت اتھارٹی میاں عبدالقادر شاہ، منیجنگ ڈائریکٹر سندھ ٹیوٹا غلام مرتضیٰ شیخ، منصوبے کے سربراہ ڈاکٹر ریاض، جامعات کے نمائندگان، متعلقہ اداروں کے افسران اور فنی تعلیم سے وابستہ ماہرین نے شرکت کی۔شہید بینظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی پشاور، بین الاقوامی محنت تنظیم (ILO)، خیبر پختونخوا تکنیکی تعلیم و فنی تربیت اتھارٹی (KP-TEVTA) اور اطالوی ایجنسی برائے ترقیاتی تعاون (AICS) کے تعاون سے تیار کردہ یہ تربیتی پیکیج زگ زیگ اینٹ سازی ٹیکنالوجی کے فروغ، ماحول دوست صنعت کے قیام اور ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کے لیے ایک اہم اقدام قرار دیا گیاہے۔معاونِ خصوصی برائے فنی تعلیم محمد عثمان خان بیٹنی نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نوجوانوں، خواتین اور ہنر کے خواہشمند افراد کو جدید فنی تعلیم اور روزگار سے ہم آہنگ مہارتیں فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ زگ زیگ اینٹ سازی ٹیکنالوجی اینٹوں کی صنعت میں جدید اور ماحول دوست نظام ہے، جس کے ذریعے فضائی آلودگی اور کاربن کے اخراج میں کمی کے ساتھ ساتھ پیداواری صلاحیت میں بھی اضافہ ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ اس جدید ٹیکنالوجی کے نمایاں فوائد میں
تقریباً 30 فیصد ایندھن کی بچت
،فضائی آلودگی اور کاربن کے اخراج میں نمایاں کمی
،روزانہ 45 ہزار سے 50 ہزار اینٹوں کی پیداواری صلاحیت
،اعلیٰ معیار کی اینٹوں کی پیداوار میں بہتری،
نوجوانوں اور خواتین کے لیے باعزت روزگار کے نئے مواقع شامل ہیں۔محمد عثمان خان بیٹنی نے کہا کہ بین الصوبائی تعاون کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی کے تجربات کا تبادلہ، ماحول دوست صنعت کا فروغ اور ملک بھر میں ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کو مزید تقویت دی جا سکتی ہے۔انہوں نے شہید بینظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی پشاور، بین الاقوامی محنت تنظیم، حکومتِ اٹلی، اطالوی ایجنسی برائے ترقیاتی تعاون، KP-TEVTA، قومی فنی تعلیم و تربیت کمیشن اور دیگر شراکت دار اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت ایسے منصوبوں کی سرپرستی جاری رکھے گی جو نوجوانوں کو بااختیار بنانے، ماحول کے تحفظ اور پائیدار معاشی ترقی میں معاون ثابت ہوں۔
