5 اگست کا جلسہ تاریخی اور فیصلہ کن ثابت ہوگا، شفیع جان

خیبر پختونخوا کےوزیر اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے کہا ہے کہ بانی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے تین سال مکمل ہونے پر 5 اگست کو پشاور میں منعقد ہونے والے جلسے کی تیاریاں عروج پر پہنچ چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی، پارٹی عہدیداران اور کارکنان ریلیوں، کارنر میٹنگز اور عوامی رابطہ مہم میں بھرپور انداز میں حصہ لے رہے ہیں۔شفیع جان نے کہا کہ مختلف اضلاع میں ہونے والی کارنر میٹنگز میں عوام کی ریکارڈ شرکت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ 5 اگست کا جلسہ تاریخی اور فیصلہ کن ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ جلسہ عمران خان کی رہائی کی تحریک میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا، پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان اپنے قائد عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں،صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان تمام تر سیاسی انتقام اور جیل کی سختیوں کے باوجود اپنے نظریے پر ثابت قدم ہیں اور ان کی قید کا ہر گزرتا دن ان کے عزم اور نظریے کو مزید مضبوط بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی مقدمات، سیاسی انتقام کے باوجود عمران خان کو عوام کے دلوں سے نہیں نکالا جا سکتا۔شفیع جان نے کہا کہ عمران خان کو گزشتہ نو ماہ سے قید تنہائی میں رکھا گیا ہے جبکہ ان کی فیملی، وکلاء اور سیاسی قیادت کو بھی ان تک رسائی نہیں دی جا رہی، جو آئینی ، قانونی اور بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے،انہوں نے کہا کہ فارم 47 کے ذریعے برسر اقتدار آنے والے وفاقی حکومت کے حکمران یہ بات اچھی طرح سن لیں کہ ظلم، جبر اور ناانصافی کی یہ حکومت زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاق پر مسلط جعلی حکمرانوں کے دن گنے جا چکے ہیں اور عوام کو بہت جلد ان سے نجات دلائی جائے گی۔

مزید پڑھیں