کمشنر مردان ڈویژن جاوید مروت نے زیرِ تعمیر ویمن یونیورسٹی مردان میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مردان، وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رضیہ سلطانہ، یونیورسٹی انتظامیہ، اساتذہ اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر مردان اور وائس چانسلر نے بھی پودے لگا کر شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کمشنر جاوید مروت نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اس وقت دنیا کو درپیش سب سے بڑے چیلنجز میں سے ایک ہے، جس کے منفی اثرات سے محفوظ رہنے کے لیے شجرکاری کو قومی ذمہ داری کے طور پر اپنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ درخت ماحول کو آلودگی سے پاک رکھنے، درجہ حرارت میں کمی، قدرتی وسائل کے تحفظ اور آئندہ نسلوں کو صحت مند ماحول فراہم کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے نئی نسل میں ماحولیاتی شعور بیدار کرنے اور شجرکاری کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں، لہٰذا ہر طالب علم کو کم از کم ایک پودا لگانے اور اس کی نگہداشت کی ذمہ داری بھی نبھانی چاہیے۔کمشنر نے کہا کہ صوبائی حکومت ماحولیاتی تحفظ اور سرسبز خیبرپختونخوا کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے، جن میں شجرکاری مہم کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ عوام، تعلیمی اداروں اور دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون سے شجرکاری مہم کو مزید مؤثر اور کامیاب بنائے گی۔اس موقع پر ویمن یونیورسٹی مردان کی تعلیمی، تحقیقی اور انتظامی سرگرمیوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کمشنر جاوید مروت نے خواتین کی اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں ویمن یونیورسٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم ہی ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہے، جبکہ خواتین کو جدید اور معیاری تعلیمی مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔اس سے قبل کمشنر مردان ڈویژن جاوید مروت کی موجودگی میں ویمن یونیورسٹی مردان اور کوہاٹ یونیورسٹی کے درمیان علمی، تحقیقی اور ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔ بعد ازاں کمشنر مردان، ڈپٹی کمشنر مردان اور دیگر متعلقہ حکام نے ویمن یونیورسٹی کے زیرِ تعمیر مختلف بلاکس کا تفصیلی دورہ کیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رضیہ سلطانہ نے تعمیراتی منصوبوں کی پیش رفت، مستقبل کی ضروریات اور دستیاب سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر نے جاری تعمیراتی کاموں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ معیار اور ٹائم لائن کے مطابق جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ طالبات کو جدید، محفوظ اور معیاری تعلیمی ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
