ضلع ملاکنڈ کے لیے تقریباً ڈیڑھ ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی پاکستان تحریک انصاف کی موجودہ صوبائی حکومت کی جانب سے منظوری دی گئی ہے،وزیر مواصلات و تعمیرات خیبر پختونخوا

خیبر پختونخوا کے وزیر مواصلات و تعمیرات شکیل احمد نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ضلع ملاکنڈ خصوصاً حلقہ PK-23 کی پائیدار ترقی کے لیے تقریباً ایک ارب 50 کروڑ روپے مالیت کے اہم ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی ہے، جن پر جلد عملی کام کا آغاز کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی ٹینڈرنگ کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور تعمیراتی سرگرمیاں شفافیت اور معیار کو یقینی بناتے ہوئے جلد شروع کی جائیں گی۔ ان منصوبوں میں بخشیلے سے فلنگئی تک اہم رابطہ سڑک کی تعمیر بھی شامل ہے، جو علاقے کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا۔ اس منصوبے کی تکمیل سے آمدورفت میں آسانی، سفری وقت میں کمی اور مقامی معیشت کو فروغ ملے گا۔صوبائی وزیر شکیل احمد نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی قیادت میں حکومت صوبے کے تمام اضلاع میں ترقیاتی عمل کو تیز کر رہی ہے اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ملاکنڈ کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ان ترقیاتی منصوبوں سے نہ صرف جدید سفری سہولیات میسر آئیں گی بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے، جس سے علاقے کی مجموعی سماجی و معاشی ترقی میں نمایاں بہتری آئے گی۔صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام منصوبے مقررہ مدت، اعلیٰ معیار اور مکمل شفافیت کے ساتھ مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو ان کے ثمرات بروقت حاصل ہو سکیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام سے کیے گئے تمام وعدے ہر صورت پورے کیے جائیں گے اور ضلع ملاکنڈ کو ترقی و خوشحالی کی نئی منزلوں تک پہنچایا جائے گا۔

مزید پڑھیں