صوبائی وزیر سید فخر جہان کی ہدایت پر بونیر میں سیف بلڈ ٹرانسفیوژن سنٹر کے قیام کیلئے مشترکہ سروے، منصوبے پر عملی پیش رفت کا آغاز

خیبرپختونخوا کے وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سید فخر جہان کی ہدایات پر ضلع بونیر میں جدید سیف بلڈ ٹرانسفیوژن سنٹر کے قیام کے لیے محکمہ صحت اور محکمہ مواصلات و تعمیرات (C&W) خیبرپختونخوا کی مشترکہ ٹیم نے ڈی ایچ کیو ہسپتال بونیر میں مجوزہ مقام کا تفصیلی سروے کیا۔یہ منصوبہ سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) 2026-27 کے تحت سکیم کوڈ 260104 میں شامل ہے۔ سروے کا مقصد منصوبے کے لیے مختص جگہ کا تکنیکی جائزہ لینا اور تعمیراتی تقاضوں کا تعین کرنا تھا تاکہ منصوبے پر جلد عملی کام کا آغاز یقینی بنایا جا سکے۔محکمہ صحت کے سیف بلڈ ٹرانسفیوژن پراجیکٹ کے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ (PMU) کے نمائندوں نے موقع کا معائنہ کیا، جبکہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کے حکام کو منصوبے کا تفصیلی لاگت کا تخمینہ جلد از جلد تیار کرکے متعلقہ فورم کو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی تاکہ منصوبے پر پیش رفت میں تیزی لائی جا سکے۔اس موقع پر متعلقہ سرکاری محکموں کے نمائیندوں کے علاوہ سید دیا الملک، اور پی ٹی ائی چیرمین و رکن قومی اسمبلی بیرسٹر گوہر علی خان کے فوکل پرسن بخراد خان بھی موجود تھے۔ جدید سیف بلڈ ٹرانسفیوژن سنٹر کے قیام سے ضلع بونیر اور گردونواح کے عوام کو محفوظ خون کی بروقت فراہمی، ہنگامی طبی سہولیات میں بہتری اور صحت کے شعبے کی استعداد کار میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ یہ منصوبہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی وعدوں کی تکمیل کی جانب ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

مزید پڑھیں