محکمہ ایکسائز کی پشاور میں بڑی کارروائی، 42 کلو چرس اور 5.15 کلو آئس برآمد،افغان باشندہ ملزم گرفتار

محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا کےتھانہ ایکسائز پشاور نے شہر میں ایک بڑی کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 42 کلو گرام چرس اور 5.15 کلو گرام آئس برآمد کر لی، جبکہ ایک افغان باشندہ ملزم کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔مذکورہ کارروائی صوبائی حکومت کی منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اور صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سید فخر جہان کی منشیات، بالخصوص آئس کے خلاف جاری کردہ ہدایات کے تحت جاری مہم کا حصہ ہے، جس کے نتیجے میں صوبہ بھر میں منشیات فروشوں اور سمگلروں کے خلاف کامیاب کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔محکمہ ایکسائز سے موصولہ تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ ایکسائز پشاور عماد خان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ناردرن بائی پاس پر پنجاب رجسٹریشن نمبر BMS-551 گاڑی کو روک کر تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران گاڑی سے 42 کلو گرام چرس اور 5.15 کلو گرام آئس برآمد کی گئی۔کارروائی کے دوران ملزم حسین ولد قند آغا، ساکن افغانستان، حال مقیم اکبر ٹاؤن دانش آباد، کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ملزم کے خلاف تھانہ ایکسائز پشاور میں مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

مزید پڑھیں