وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے سوشل ویلفیئر، زکوٰۃ، عشر اینڈ ویمن ایمپاورمنٹ ڈیپارٹمنٹ ملک لیاقت علی خان نے جمعہ کے روز خیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور کے قریب سپین جماعت کے مقام پر نئی تعمیر شدہ احساس پناہ گاہ (شیلٹر ہوم) کا افتتاح کیا۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے لیاقت علی خان کہا کہ یہ پناہ گاہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کے فلاحی ریاست کے وژن کے مطابق اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل خان آفریدی کی خصوصی ہدایت پر قائم کی گئی ہے۔
یہ سہولت محکمہ سوشل ویلفیئر، سپیشل ایجوکیشن اینڈ ویمن ایمپاورمنٹ، حکومت خیبر پختونخوا، ڈسٹرکٹ پشاور کی جانب سے قائم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کے تیمارداروں، دیہاڑی دار مزدوروں اور صوبائی دارالحکومت سے گزرنے والے مسافروں کے لیے یہ محفوظ، باوقار اور آرام دہ قیام کی سہولت ہے۔پناہ گاہ میں غریب عوام اور مزدوروں کے لیے مفت رہائش اور خوراک کی سہولت دی جا ئے گی۔کمروں میں دو منزلہ بستر (بنک بیڈز) اور بستر کا مناسب انتظام کیا گیا ہے، جس سے مسافروں کو رات گزارنے کے لیے صاف ستھری اور منظم جگہ میسر آئے گی۔پناہ گاہ میں ہفتہ وار خوراک کا مینو بھی آویزاں کیا گیا ہے تاکہ رہائشیوں کو ہفتے بھر مقررہ اور متنوع کھانا مل سکے۔ ہر روز ناشتے میں روغنی نان یا پراٹھا اور کالی چائے دی جائے گی، جبکہ رات کا کھانا روزانہ مختلف ہو گا: پیر کو قیمہ آلو روٹی، منگل کو دال یا لوبیا روٹی، بدھ کو چکن روسٹ چاول، جمعرات کو مکس سبزی روٹی، جمعہ کو چکن آلو روٹی، ہفتہ کو چنا چاول میوہ، اور اتوار کو گوشت آلو روٹی — ہر کھانے کے ساتھ کالی چائے بھی شامل ہو گی۔پناہ گاہ ہفتے کے ہر روز شام 6 بجے سے صبح 9 بجے تک کھلی رہے گی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر سوشل ویلفیئر نے کہا کہ نئی افتتاح شدہ پناہ گاہ خیبر پختونخوا بھر میں قائم کی جانے والی احساس پناہ گاہوں کے بڑھتے ہوئے نیٹ ورک کا حصہ ہے، جو صوبائی حکومت کے سوشل ویلفیئر پروگرام کے تحت کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے پناہ گاہ کی مختلف سہولیات کا بھی جائزہ لیا، جن میں بیڈ رومز، کچن اور دیگر مقامات شامل تھے۔
