وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کےمشیرِبرائے سماجی بہبود، زکوٰۃ و عشر، خصوصی تعلیم و ویمن ایمپاورمنٹ ملک لیاقت علی خان نے آل آرٹسٹ ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کے زیرِ اہتمام منعقدہ خصوصی تقریب میں شرکت کی، جہاں محکمہ سماجی بہبود خیبرپختونخوا کی جانب سے مستحق اور بزرگ فنکاروں میں جدید الیکٹرک وہیل چیئرز اور سلائی مشینیں تقسیم کی گئیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ملک لیاقت علی خان نے کہا کہ ہماری فنکار برادری نے برسوں تک اپنی صلاحیتوں اور فن کے ذریعے عوام کو محظوظ کیا، معاشرے میں خوشیاں بانٹیں اور خیبرپختونخوا کے ثقافتی ورثے اور مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ آج اگر انہی فنکاروں میں سے کوئی مشکلات کا شکار ہے تو ان کا ساتھ دینا اور ان کی مدد کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا مستحق، نادار اور کمزور طبقات کو تنہا نہیں چھوڑے گی، بلکہ ان کی ضروریات کے مطابق ہر ممکن سہولیاتفراہم کی جائے گی۔ مستحق فنکار ہماری معاشرتی اور ثقافتی شناخت کا اہم حصہ ہیں اور ان کی خدمت دراصل اپنے ثقافتی ورثے کی خدمت ہے۔
ملک لیاقت علی خان نے کہا کہ مستحق افراد کو الیکٹرک وہیل چیئرز کی فراہمی کا مقصد انہیں نقل و حرکت میں آسانی اور خودمختاری فراہم کرنا ہے، جبکہ سلائی مشینوں کی فراہمی کے ذریعے مستحق افراد کو باعزت روزگار کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنے خاندانوں کا سہارا بن سکیں۔
مشیرِ وزیراعلیٰ نے کہا کہ محکمہ سماجی بہبود کا بنیادی مشن عوام، خصوصاً بے سہارا، مستحق اور کمزور افراد کی خدمت اور ان کی زندگیوں میں آسانی پیدا کرنا ہے۔ سابق وزیراعظم عمران خان کے فلاحی ریاست کے وژن سے رہنمائی لیتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی خصوصی ہدایات اور سرپرستی میں حکومت صوبے کے مستحق اور کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کو مزید مؤثر بنا رہی ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ کوئی بھی مستحق شخص صرف وسائل کی کمی کی وجہ سے اپنے حق اور بنیادی سہولیات سے محروم نہ رہے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ سماجی بہبود کی ٹیم کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ مستحق اور خصوصی افراد کی گھر گھر جا کر رجسٹریشن کی جائے تاکہ ایسے تمام افراد کی نشاندہی اور ریکارڈ مرتب کیا جا سکے جو کسی وجہ سے سرکاری فلاحی پروگراموں تک رسائی حاصل نہیں کر پاتے۔ ہمارا مقصد یہ ہے کہ کوئی بھی مستحق فرد اپنے حق سے محروم نہ رہے۔
ملک لیاقت علی خان نے مزید کہا کہ خصوصی افراد، بزرگ شہریوں، خواتین، مستحق خاندانوں اور فنکار برادری سمیت معاشرے کے تمام کمزور طبقات کی فلاح و بہبود محکمہ سماجی بہبود کی ترجیحات میں شامل ہے۔ فلاحی اقدامات کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جا رہا ہے تاکہ ضرورت مند افراد کو ان کی حقیقی ضروریات کے مطابق سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ فنکاروں نے مشکل حالات میں بھی اپنے فن کے ذریعے لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیریں، اب وقت ہے کہ ہم ان کے مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے ہوں۔ حکومت خیبرپختونخوا مستحق فنکاروں اور دیگر کمزور طبقات کی معاونت کا سلسلہ جاری رکھے گی اور انہیں ممکنہ سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
تقریب میں آل آرٹسٹ ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کی صدر مس سعدیہ خان، رکنِ صوبائی اسمبلی صوبیہ شاہد، ایسوسی ایشن کے کابینہ اراکین اور فنکار برادری کے نمائندگان نے شرکت کی۔
