تحصیل غازی کو پنجاب میں شامل کرنے کا پروپیگنڈا بے بنیاد، جعلی اعلامیہ پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، شفیع جان

خیبرپختونخوا کےصوبائی وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے تحصیل غازی کو خیبرپختونخوا سے الگ کرکے پنجاب میں شامل کرنے کے حوالے سے چلائی جانے والی خبروں اور مبینہ جعلی اعلامیہ کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بعض عناصر نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کے منصب سنبھالنے کے بعد صبح و شام جھوٹے پروپیگنڈے اور جعلی خبریں پھیلانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔
شفیع جان نے کہا کہ تحصیل غازی کو وفاق میں شامل کرنے کا پروپیگنڈا بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ عوام ایسے بے بنیاد پروپیگنڈے سے بخوبی آگاہ ہیں اور ہر بار جھوٹا پروپیگنڈا کرنے والوں کا اپنا جھوٹ ہی ان کے گلے پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی صوبے کی جغرافیائی حیثیت یا حدود میں تبدیلی محض کسی اعلامیہ سے نہیں کی جا سکتی بلکہ اس کے لیے آئینی تقاضے پورے کرنا اور آئینی ترمیم ضروری ہے۔ ایک جعلی اعلامیہ کے ذریعے خیبرپختونخوا کے کسی علاقے کی آئینی اور جغرافیائی حیثیت تبدیل نہیں کی جا سکتی۔
وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ تحصیل غازی خیبرپختونخوا کا حصہ ہے اور کسی جعلی اعلامیہ یا من گھڑت خبر سے اس حقیقت کو تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔
شفیع جان نے کہا کہ عوام نے ہمیں جو مینڈیٹ دیا ہے، اس کا تحفظ ہماری آئینی اور جمہوری ذمہ داری ہے۔ عوام کے مینڈیٹ اور صوبے کی جغرافیائی وحدت کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جعلی اعلامیہ تیار کرنے اور اسے پھیلانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ جو عناصر مسلسل جھوٹا پروپیگنڈا کرکے عوام میں بے چینی اور غلط فہمی پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، انہیں اب جوابدہ ہونا پڑے گا۔
شفیع جان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جعلی ن اعلامیہ اور غیر مصدقہ خبروں پر یقین نہ کریں اور سرکاری امور سے متعلق کسی بھی اطلاع کے لیے مستند سرکاری ذرائع سے تصدیق کرلیاکریں۔

مزید پڑھیں