خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم ارشد ایوب خان نے گورنمنٹ سینٹینیل ماڈل ہائر سیکنڈری سکول نمبر 1 ہریپور کا دورہ کیا۔دورے کے دوران صوبائی وزیر نے سکول میں جاری داخلہ مہم کا جائزہ لیا اور طلبہ کے داخلوں کے عمل کا تفصیلی مشاہدہ کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن خیبر پختونخوا جعفر منصور عباسی، ڈپٹی سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نور پاؤاور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد اشرف سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔پرنسپل ظفر ارباب عباسی، وائس پرنسپل فواد حسین اور چیئرمین داخلہ کمیٹی نے صوبائی وزیر کو سکول میں جاری داخلہ مہم اور طلبہ کے داخلوں کے عمل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزیر ارشد ایوب خان نے داخلہ عمل کا جائزہ لیتے ہوئے سکول انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور طلبہ کوبہتر تعلیمی سہولیات کی فراہمی، معیاری تعلیم اور سازگار تعلیمی ماحول کی فراہمی پر زور دیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت سرکاری تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم کے فروغ اور طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ طلبہ کو جدید اور معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔دورے کے دوران صوبائی وزیر تعلیم ارشد ایوب خان نے مون سون شجرکاری مہم کے تحت سکول میں پودا بھی لگایا۔
