وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے داخلہ و قبائلی امور طارق سعید مروت کی زیرِ صدارت ضلع لکی مروت کے ترقیاتی اور انتظامی امور سے متعلق اہم اجلاس آج محکمہ داخلہ و قبائلی امور کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر لکی مروت، محکمہ تعلیم، محکمہ صحت، پبلک ہیلتھ، مواصلات و تعمیرات، آبپاشی اور محکمہ زراعت کے ضلعی افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ضلع لکی مروت میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی مالی و طبعی پیش رفت، فنڈنگ، لاگت اور تکمیل کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ مختلف محکموں میں دستیاب اور خالی آسامیوں کی صورتحال اور عوامی خدمات کی مؤثر فراہمی کے لیے ضروری اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس میں اے ڈی پی 2026-27۔ کے تحت ضلع لکی مروت کے لیے نئی ترقیاتی اسکیموں کی تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ معاونِ خصوصی نے ہدایت کی کہ نئی اسکیموں کے انتخاب میں عوامی ضرورت، بنیادی سہولیات، ترقیاتی ترجیحات اور عملی افادیت کو خصوصی اہمیت دی جائے۔طارق سعید مروت نے کہا کہ لکی مروت کی ترقی اور عوامی مسائل کا بروقت حل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر نگرانی کی جائے، سرکاری وسائل کا بہترین استعمال یقینی بنایا جائے اور عوامی سہولیات کی فراہمی میں مزید بہتری لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ لکی مروت کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، ترقیاتی عمل کو تیز کرنے اور عوامی مسائل کے عملی حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکمے عوامی خدمت کے عمل کو مزید مؤثر اور نتیجہ خیز بنائیں۔معاونِ خصوصی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لکی مروت کی ترقی، عوامی فلاح اور پائیدار بنیادوں پر شہری سہولیات کی بہتری کے لیے ترقیاتی سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مؤثر رابطہ جاری رکھا جائے گا۔
