مشیر کھیل و امور نوجوانان کا نوشہرہ کا دورہ، سپورٹس سہولیات کی بہتری کی ہدایت

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان تاج محمد خان ترند اور سیکرٹری کھیل محمد آصف نے ضلع نوشہرہ کا دورہ کیا۔ نوشہرہ پہنچنے پر ایم پی اے اشفاق خان اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر نے ان کا استقبال کیا۔مشیر کھیل نے جشن آزادی فیسٹیول کے تحت جاری باسکٹ بال میچ دیکھا، کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور گورنمنٹ ہائی سکول تارو جبہ کا دورہ کیا۔ انہوں نے بے پبی سپورٹس کمپلیکس میں صوبے کے سب سے بڑے جمنیزیم ہال کا معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر محکمہ تعمیرات و مواصلات نے منصوبے پر بریفنگ دی۔تاج محمد خان ترند نے جمنیزیم کا کام دو ماہ کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ دو ماہ بعد دوبارہ دورہ کرکے کام کا جائزہ لیں گے۔ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر نے نوشہرہ میں کھیلوں کی سہولیات اور منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی اور بتایا کہ 6 سپورٹس فیسیلیٹیز مکمل ہوچکی ہیں۔ مشیر کھیل نے خالی آسامیوں پر جلد بھرتیوں کی ہدایت کی تاکہ نوجوانوں کو تجربہ کار کوچز کی تربیت فراہم کی جاسکے۔انہوں نے ورکس ڈیپارٹمنٹ کو کٹہ خیل سپورٹس کمپلیکس، مانکی شریف کا فوری دورہ کرکے تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔ مشیر کھیل نے کہا کہ نوجوانوں کو بہتر کھیلوں کی سہولیات اور تربیت کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

مزید پڑھیں