چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کا سول سیکرٹریٹ میں یومِ آزادی کی تقریب سے خطاب

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ نے کہا ہے کہ جشنِ آزادی منانے کا اصل مقصد تجدیدِ عہد ہونا چاہیے کہ جس مقصد کے لیے پاکستان معرضِ وجود میں آیا، اس مقصدکے حصول کے لیے ہم اپنے اپنے منصب کے مطابق اپنا کردار بخوبی نبھائیں اور یہاں کے رہنے والوں کی خدمت احسن طریقے سے کریں۔وہ سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقدہ یومِ آزادی کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر مشیرِ خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم، صوبائی حکومت کے اعلیٰ حکام, اور سرکاری ملازمین، سکول کے طلباء و طالبات نے شرکت کی۔چیف سیکرٹری نے اپنے خطاب میں کہا کہ بحیثیت سول سرونٹ، سرکاری ملازمین پر ایک بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کیونکہ ملک میں رہنے والوں کے بہت سے معاملات ان کے ہاتھ میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام کے بہت سے فیصلے کرتے ہیں اور حکومت کے فیصلوں کو عملی جامہ پہناتے ہیں تاکہ لوگوں کی بہتر خدمت ممکن ہو سکے۔انہوں نے سرکاری افسران و ملازمین سے اپیل کی کہ آج جشنِ آزادی منانے کے ساتھ ساتھ اس عہد کی تجدید بھی کریں کہ اپنے فرائض کو مزید خوش اسلوبی سے نبھایا جائے گا۔خطاب کے اختتام پر چیف سیکرٹری نے دعا کی کہ اگلے یومِ آزادی تک صوبے کے وہ علاقے جنہیں بدامنی کا سامنا ہے، وہاں امن بحال ہو اور تمام سرکاری اہلکاروں کو ان علاقوں اور وہاں کے عوام کی بہتر سے بہتر خدمت کرنے کا موقع ملے۔

مزید پڑھیں