کوہاٹ ڈویژن: یوم آزادی کے مرکزی تقریب میں صوبائی وزراء شفیع جان اور آفتاب عالم، اراکین اسمبلی شہریار آفریدی اورداؤد آفریدی کی شرکت،قومی یکجہتی اور ترقی کے عزم کا اعادہ

ملک کے دوسرے حصوں کی طرح پورے کوہاٹ ڈویژن میں بھی یومِ آزادی اس عہد کی تجدید کے ساتھ منایاگیااور پاکستان کو عظیم سے عظیم تر بنائیں گے اور اس پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ڈسٹرکٹ کونسل ہال کوہاٹ میں منعقدہ یومِ آزادی کی مرکزی تقریب میں صوبائی وزیراطلاعات شفیع جان اوروزیر قانون آفتاب عالم، سابق وزیرداخلہ ورکن قومی اسمبلی شہریار آفریدی اور چیئرمین ڈیڈک ورکن صوبائی اسمبلی داؤد آفریدی سمیت کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ، ڈپٹی کمشنر محمد نواز وزیر، سرکاری حکام، علمائے کرام، اقلیتی نمائندوں، سول سوسائٹی، طلبہ اور شہریوں نے شرکت کی اور قومی اتحاد، امن، ترقی اور خوشحالی کے عزم کا اعادہ کیا۔شفیع جان، آفتاب عالم، شہریار آفریدی، داؤد آفریدی، کمشنر اور دیگر مقررین نے کہا کہ یومِ آزادی برصغیر کے مسلمانوں کی جدوجہد اور اسلاف کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ملک کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کیلئے اجتماعی عزم کی تجدید کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بنیاد ایمان، اتحاد اور تنظیم کے اصولوں پر رکھی گئی اور موجودہ حالات میں قومی یکجہتی، باہمی ہم آہنگی اور ذمہ داری کا مظاہرہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر شہری کو اپنی صلاحیت اور کردار کے مطابق پاکستان کی خوشحالی میں حصہ ڈالنا ہوگا۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملکی خودمختاری، سلامتی، امن اور ترقی کیلئے ہر ممکن کوشش جاری رکھی جائے گی اور نئی نسل میں قومی ذمہ داری، اتحاد اور حب الوطنی کا شعور اجاگر کیا جائے گا۔قبل ازیں یومِ آزادی کی تقریبات کا آغاز 13 اگست کی شب شاندار آتش بازی سے ہوا جبکہ صبح سرکاری سطح پر پرچم کشائی کی تقریبات منعقد ہوئیں اور ملکی سلامتی، ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔اس موقع پر شجرکاری مہم بھی چلائی گئی جس کا مقصد آزادی کے جشن کو سرسبز پاکستان اور ماحول کے تحفظ کے عزم سے جوڑنا تھا۔ بعد ازاں معززمہمانوں کی قیادت میں آزادی ریلی نکالی گئی جس میں شہریوں، سرکاری ملازمین، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔شرکاء نے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور پاکستان سے محبت و قومی یکجہتی کے اظہار کے نعرے لگائے۔ آزادی کیک بھی کاٹا گیا۔تقریبات میں بچوں نے تقاریر، ٹیبلو اور ملی نغمے پیش کئے جنہیں شرکاء نے بھرپور سراہا۔ علاوہ ازیں، کوہاٹ ڈویژن کے اضلاع کرک، ہنگو، اورکزئی اور کرم میں بھی ضلعی و تحصیل سطح پر پرچم کشائی، ریلیوں، شجرکاری، کھیلوں اور ثقافتی پروگراموں کا انعقاد کیا گیا۔ یومِ آزادی کے موقع پر منتخب نمائندوں اورضلعی انتظامیہ نے انسانی ہمدردی کے تحت مختلف ہسپتالوں اور جیل کا دورہ بھی کیا، زیرِ علاج مریضوں کی عیادت کی جبکہ جیل میں قیدیوں سے ملاقات کرکے ان میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔تقریبات کے اختتام پر مقررین اور شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی آزادی، سلامتی اور خودمختاری کا تحفظ، قومی اتحاد کا فروغ اور ملک کو امن، ترقی اور خوشحالی کی نئی بلندیوں تک پہنچانا ہر پاکستانی کی مشترکہ ذمہ داری ہے

مزید پڑھیں