وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سماجی بہبود، عشر و زکوٰۃ ملک لیاقت علی خان نے کہا ہے کہ خصوصی بچوں کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کیلئے مردان میں بی ایس پروگرام شروع کیا جائے گا، جسے آئندہ سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) میں شامل کیا جائے گا۔ مردان میں پروگرام کے آغاز کے بعد اسے صوبے کے دیگر اضلاع تک بھی وسعت دی جائے گی۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار مردان سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس میں یومِ آزادی کے حوالے سے منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں خصوصی بچوں، اساتذہ، محکمہ سماجی بہبود کے افسران، والدین اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔
مشیر سماجی بہبود ملک لیاقت علی خان نے کہا کہ خصوصی افراد کو تعلیم کی روشنی سے روشناس کرانا ان کا مشن ہے اور حکومت خصوصی بچوں کی تعلیم، تربیت، بحالی اور خودمختاری کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کو معاشرے کا فعال اور باعزت حصہ بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے خصوصی بچوں کیلئے خدمات انجام دینے والے اساتذہ کو مستقل کرنے اور ان کیلئے باقاعدہ سروس سٹرکچر تشکیل دینے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کی بہتر تعلیم و تربیت میں اساتذہ کا کردار انتہائی اہم ہے اور حکومت ان کے مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات کرے گی۔
ملک لیاقت علی خان نے کہا کہ خصوصی اور مستحق خواتین کو مختلف ہنر سکھانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے تاکہ وہ باعزت اور خودمختار زندگی گزار سکیں اور معاشرے کی معزز شہری بنیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ خصوصی افراد اور ہنرمند خواتین کی تیار کردہ مصنوعات کو مارکیٹ تک رسائی دینے کیلئے ڈویژنل اور صوبائی سطح پر دستکاری کے ڈسپلے مراکز قائم کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت خصوصی افراد کو محض امداد فراہم کرنے کے بجائے انہیں تعلیم، ہنر اور روزگار کے مواقع فراہم کرکے خودمختار بنانے پر توجہ دے رہی ہے۔ اس مقصد کیلئے خصوصی افراد کے مراکز میں موجود صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور انہیں معاشی سرگرمیوں کا حصہ بنانے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں گے۔
یومِ آزادی کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں خصوصی بچوں نے ملی نغمے اور وطن سے محبت کے موضوع پر دل موہ لینے والی مختلف پرفارمنسز پیش کیں۔ بچوں نے اپنی شاندار صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے جشنِ آزادی اور پاکستان سے محبت کا بھرپور اظہار کیا، جسے تقریب کے شرکاء نے زبردست سراہا اور بچوں کی حوصلہ افزائی کی۔
اس موقع پر مشیر سماجی بہبود نے پاکستان کے قیام کیلئے برصغیر کے مسلمانوں کی جدوجہد اور ہمارے آبا و اجداد کی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے، جس کی قدر و حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا۔تقریب کے موقع پر محکمہ سماجی بہبود کے زیرِ انتظام دستکاری مراکز کی جانب سے مختلف اسٹالز بھی لگائے گئے تھے، جہاں خصوصی افراد اور ہنرمند خواتین کی تیار کردہ مختلف مصنوعات نمائش کیلئے رکھی گئی تھیں۔ مشیر سماجی بہبود ملک لیاقت علی خان نے اسٹالز کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں رکھی گئی مصنوعات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ہنرمند افراد کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ان کی مصنوعات کو بہتر مارکیٹ فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔بعد ازاں مشیر سماجی بہبود نے چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں یونٹ کی کارکردگی، بچوں کے تحفظ کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات اور فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کے مختلف شعبوں کا معائنہ بھی کیا اور بچوں کے تحفظ و فلاح کیلئے جاری اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔
مشیر سماجی بہبود نے خصوصی بچوں کیلئے قائم سکول کا بھی دورہ کیا اور وہاں بچوں کو فراہم کی جانے والی تعلیمی و تربیتی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سکول انتظامیہ اور اساتذہ سے ملاقات کی اور خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت کیلئے ان کی خدمات کو سراہا۔
ملک لیاقت علی خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت خصوصی افراد کی فلاح و بہبود، تعلیم، بحالی اور خودمختاری کیلئے موجودہ اقدامات کو مزید مؤثر بنائے گی اور خصوصی بچوں کو معاشرے کا بااختیار، باعزت اور فعال شہری بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
