وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اورصوبائی حکومت کی ہدایات کے تحت وزیر اعلی کے معاونِ خصوصی برائے جیل خانہ جات افتخار اللہ جان نے پشاور سنٹرل جیل کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جیل کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا، قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور متعدد نئی سہولیات و منصوبوں کا افتتاح بھی کیا۔
یومِ آزادی کے موقع پر پشاور سنٹرل جیل میں خصوصی تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا، جس میں قومی جذبے کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ جیل کے ماحول کو مزید بہتر اور صحت مند بنانے کے لیے شجرکاری مہم کا آغاز بھی کیا گیا۔ معاونِ خصوصی افتخار اللہ جان نے پودا لگا کر شجرکاری مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا اور جیل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زیادہ سے زیادہ شجرکاری کو یقینی بناتے ہوئے جیل کے ماحول کو سرسبز و شاداب بنایا جائے۔ اس موقع پر معاونِ خصوصی نے کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے اور اس کی قدر و حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ جیلوں میں بھی اصلاح اور بحالی کے عمل کو مؤثر بناتے ہوئے قیدیوں کو معاشرے کا مفید اور ذمہ دار شہری بننے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔معاونِ خصوصی کو پشاور سنٹرل جیل کے انتظامی امور، سکیورٹی نظام، قیدیوں کو فراہم کی جانے والی طبی و بنیادی سہولیات، فنی تربیت، تعلیمی و اصلاحی پروگرامز اور جاری اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔افتخار اللہ جان نے جیل کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کرتے ہوئے قیدیوں کے لیے دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ قیدیوں کو بنیادی انسانی حقوق کے مطابق تمام ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ جیلوں کو محض سزا کے مراکز کی بجائے اصلاح، تربیت، تعلیم اور بحالی کے مراکز بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ قیدیوں کو فنی تربیت اور ہنر سکھانے کے پروگرامز کو مزید وسعت دی جائے تاکہ رہائی کے بعد وہ باعزت روزگار حاصل کرکے معاشرے میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔معاونِ خصوصی نے جیل کے انتظامی و سکیورٹی نظام کو مزید مؤثر بنانے، ڈیجیٹل گورننس کو فروغ دینے اور قیدیوں کو طبی سہولیات کی فراہمی میں مزید بہتری لانے کی ہدایات بھی جاری کیں۔انہوں نے کہا کہ جیل خانہ جات میں جاری اصلاحات کا مقصد ایک مؤثر اور جدید نظام تشکیل دینا ہے جس میں سکیورٹی کے ساتھ ساتھ قیدیوں کی اصلاح، ذہنی و جسمانی صحت، تعلیم، فنی تربیت اور بحالی پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔یومِ آزادی کے موقع پر پشاور سنٹرل جیل میں منعقدہ تقریب کے دوران جیل انتظامیہ، افسران اور اہلکاروں کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔ معاونِ خصوصی نے کہا کہ جیل خانہ جات کے افسران و اہلکار مشکل اور حساس ماحول میں فرائض انجام دے رہے ہیں اور ان کی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں قابلِ تحسین ہیں۔افتخار اللہ جان نے جیل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ شجرکاری مہم کو صرف یومِ آزادی تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ جیل کے اندر مستقل بنیادوں پر شجرکاری اور پودوں کی نگہداشت کا مربوط نظام بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ سرسبز اور صاف ستھرا ماحول نہ صرف جیل میں مقیم افراد کی صحت کے لیے ضروری ہے بلکہ اصلاح اور مثبت سوچ کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوگا۔معاونِ خصوصی نے پشاور سنٹرل جیل میں نئی سہولیات اور منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر کہا کہ جیل خانہ جات کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے، سہولیات میں اضافہ کرنے اور قیدیوں کی فلاح و بہبود کے لیے دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لایا جا رہا ہے۔انہوں نے جیل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ قیدیوں کے مسائل کے حل، سہولیات میں بہتری، صفائی، طبی نگہداشت، فنی تربیت اور اصلاحی سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دی جائے۔آخر میں معاونِ خصوصی افتخار اللہ جان نے یومِ آزادی کے موقع پر پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ جیل خانہ جات میں اصلاحات کے عمل کو مزید تیز کرتے ہوئے قیدیوں کو معاشرے کا مفید حصہ بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
