پیراپلیجک سنٹر پشاور میں یومِ آزادی پاکستان کی مناسبت سے پروقار تقریب ہوئی جس سے مریضوں اور ان کے تیمارداروں کی آزادی کی خوشیاں بھی دوبالا ہو گئیں۔ صوبائی وزیر صحت میاں خلیق الرحمن اس موقع پر مہمان خصوصی تھے جنہوں نے اپنی موجودگی میں سنٹر میں مزید 20 بستروں کے تیسرے وارڈ کا افتتاح ایک مریضہ سے کرایا نیز پیراپلیجکس کی فلاح و بہبود کیلئے سرگرم تنظیم فرینڈز آف پیراپلیجکس کے زیراہتمام جشنِ آزادی کا کیک بھی کاٹا۔
تقریب میں سنٹر کے چیئرمین بورڈ آف گورنرز و سابق چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد بنگش، ڈائریکٹر ری ہیبلیٹیشن ڈاکٹر امیر زیب، بورڈ کے ایگزیکٹیو ممبر حفظ الرحمٰن و دیگر معزز ممبران، فرینڈز آف پیراپلیجکس کے چیئرمین و جنرل سیکرٹری، سنٹر کے افسران و عملے کے اراکین اور مریضوں و تیمارداروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ری ہیبلیٹیشن ڈاکٹر امیر زیب نے بریفننگ میں پیراپلیجک سنٹر کی بڑھتی ہوئی ضروریات کا ذکر کرتے ہوئے ادارے کے مالی وسائل میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے فالو اَپ پروگرام اور بحال مریضوں کیلئے پیشہ ورانہ تربیتی سکیم دوبارہ شروع کرنے کی تجویز بھی دی تاکہ بحالی کے بعد افراد باہم معذوری خودمختار اور مفید شہری بن سکیں۔
صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ 20 اضافی بستروں پر مشتمل نئے وارڈ کے افتتاح سے مریضوں کو اضافی سہولیات اور معیاری بحالی خدمات کی فراہمی ممکن ہوگی۔ انہوں نے پیراپلیجک سنٹر کی ضروریات پوری کرنے کیلئے صوبائی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے جسمانی، نفسیاتی، سماجی اور پیشہ ورانہ بحالی کے شعبوں میں فراہم کی جانے والی جامع خدمات کو سراہتے ہوئے اعتراف کیا کہ پیراپلیجک سنٹر ملک میں بحالی خدمات کا ایک منفرد اور قابلِ قدر ادارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ افراد باہم معذوری کو خودمختار اور باوقار زندگی کی طرف واپس لانا حکومت اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
میاں خلیق الرحمن نے واضح کیا کہ پاکستان کی آزادی کی حقیقی روح اسی وقت اجاگر ہوگی جب معاشرے کا ہر فرد، بالخصوص افراد باہم معذوری، عزت، خودمختاری اور باوقار زندگی کے حق سے مستفید ہوں۔ پیراپلیجک سنٹر پشاور میں 20 نئے بستروں کا اضافہ اسی عزم کی عملی تصویر اور مریضوں کیلئے بہتر مستقبل کی جانب اہم قدم ہے۔
