وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان تاج محمد خان ترند نے عمران خان سٹیڈیم پشاور میں جشنِ آزادی کے حوالے سے منعقدہ کھیلوں کے مقابلوں کے اختتامی میچ اور تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے فاتح اور رنر اَپ ٹیموں کے کھلاڑیوں میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں
تقریب میں ڈائریکٹر جنرل کھیل تاشفین حیدر، ڈائریکٹر عمران خان کرکٹ سٹیڈیم سید جعفر شاہ اور محکمہ کھیل کے دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر کھیل نے کہا کہ جشنِ آزادی صرف تقریبات منانے کا نام نہیں بلکہ اس دن کو قومی جذبے، اتحاد اور مثبت سرگرمیوں کے ساتھ منانا ہماری ذمہ داری ہے۔ کھیلوں کے مقابلے نوجوانوں میں حب الوطنی، نظم و ضبط، باہمی احترام اور ٹیم ورک کے جذبے کو فروغ دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جشنِ آزادی کے موقع پر کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد اس عزم کا اظہار ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور حکومت ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
مشیر کھیل نے فاتح اور رنر اَپ ٹیموں سمیت تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کھیل کے میدان میں محنت، جذبہ اور مقابلے کا حوصلہ ہی دراصل ایک مضبوط اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد ہے۔
