خیبر پختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ فضل شکور خان کی زیرِ صدارت محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی سوات اور بر سوات کے درمیان محکمہ جاتی امور، سب ڈویژنز، دفاتر اور عملے کی تقسیم سے متعلق ایک اہم اجلاس منگل کے روز محکمہ کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ مسعود یونس، چیف انجینئرز، ڈائریکٹر ٹیکنیکل اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع سوات کی انتظامی تقسیم کے تناظر میں محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے امور کی ازسرِنو تقسیم اور انتظامی ڈھانچے سے متعلق مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ایس ایم بی آر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کی روشنی میں سوات اور بر سوات میں شامل تحصیلوں اور یونین کونسلوں کا جائزہ لیتے ہوئے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے دفاتر، سب ڈویژنز، ایس ڈی اوز اور دیگر عملے کی تعیناتی و تقسیم سے متعلق امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں سوات اور بر سوات میں محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے انتظامی و تکنیکی امور کو مؤثر انداز میں چلانے، عوام کو پینے کے صاف پانی اور دیگر پی ایچ ای سہولیات کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کے لیے مختلف تجاویز بھی زیرِ غور آئیں۔صوبائی وزیر فضل شکور خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سوات اور بر سوات میں محکمہ جاتی امور کی مؤثر انجام دہی کے لیے انتظامی معاملات کو جلد حتمی شکل دی جائے اور اس سلسلے میں ضروری اعلامیہ جلد از جلد جاری کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ انتظامی تقسیم کے نتیجے میں عوام کو محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آنی چاہیے۔ متعلقہ افسران سوات اور بر سوات کے عوام کو صاف پینے کے پانی سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو مزید بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائیں۔صوبائی وزیر نے مزید ہدایت کی کہ نئے انتظامی سیٹ اپ میں دفاتر، افسران اور عملے کی مناسب تقسیم اس انداز میں کی جائے کہ دونوں اضلاع میں محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی کارکردگی اور عوامی خدمات کا تسلسل برقرار رہے۔
