وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے زکوٰۃ و عشر، سماجی بہبود، خصوصی تعلیم و ویمن ایمپاورمنٹ ملک لیاقت علی خان نے حیات آباد پشاور میں محکمہ سماجی بہبود خیبرپختونخوا کے سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کا باقاعدہ افتتاح کیا۔اس موقع پر ٹیوٹا کے پرنسپل، ڈائریکٹر فنانس،ڈائریکٹر ضم اضلاع، متعلقہ افسران اور اساتذہ بھی موجود تھے۔ اس دوران مشیر وزیراعلیٰ کو پروگرام کے اغراض و مقاصد اور تربیتی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پروگرام کے تحت ضلع خیبر کے کمزور اور مستحق طبقے سے تعلق رکھنے والی 200 خواتین کو تین ماہ پر مشتمل فنی و پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جا رہی ہے، خواتین کو پانچ مختلف ہنروں میں تربیت دی جائے گی، جن میں الیکٹریشن، آئی ٹی، سولر سسٹم، ایمبرائیڈری (کڑھائی) اور ٹیلرنگ شامل ہیں، پروگرام کا مقصد مستحق اور کمزور طبقے سے تعلق رکھنے والی خواتین کو عملی ہنر فراہم کرکے انہیں باعزت روزگار، خود انحصاری اور معاشی خودمختاری کے مواقع فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ اپنے خاندانوں کی کفالت میں مؤثر کردار ادا کرسکیں۔پروگرام کی فنڈنگ یواین ڈی پی کے تعاون سے کی جا رہی ہے، جبکہ اس پروگرام کا انتظام و انعقاد محکمہ سماجی بہبود خیبرپختونخوا کے تحت کیا جا رہا ہے۔ ضم شدہ اضلاع میں مستحق افراد کو ہنر مند بنانے اور انہیں معاشی طور پر بااختیار کرنے کیلئے محکمہ سماجی بہبود اور متعلقہ شراکت داروں کے تعاون سے ایسے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔بعد ازاں ملک لیاقت علی خان نے تربیتی مرکز کا دورہ کیا، مختلف تربیتی شعبوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران اور اساتذہ کو ہدایت کی کہ خواتین کو تربیت کے دوران ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور انہیں جدید و عملی مہارتوں سے آراستہ کیا جائے۔ملک لیاقت علی خان نے کہا کہ غریب اور کمزور طبقات خصوصاً خواتین کو ہنر مند بنانا انہیں خود انحصار بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ مستحق افراد کو صرف مالی معاونت فراہم کرنے کی بجائے انہیں ایسے ہنر سکھائے جائیں جن کے ذریعے وہ مستقل بنیادوں پر روزگار اور آمدن حاصل کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ سماجی بہبود کا سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق نوجوانوں اور خواتین کو فنی تربیت کے مواقع فراہم کرکے انہیں معاشرے کا بااختیار اور فعال حصہ بنایا جاسکے۔
