صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمان کی زیرِ صدارت سیدو شریف میں صحت کے ہسپتالوں سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس

صوبائی وزیر صحت خیبرپختونخوا خلیق الرحمان کی زیرِ صدارت کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کے دفتر سیدو شریف، سوات کے کانفرنس روم میں سیدو گروپ آف ٹیچنگ ہسپتال، سنٹرل ہسپتال سیدو شریف، بالخصوص ایم ٹی آئی سوات اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال سوات سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ممبر صوبائی اسمبلی فضل حکیم خان یوسفزئی، چیئرمین ڈیڈیک سوات اختر خان ایڈوکیٹ، کمشنر ملاکنڈ ڈویژن مسعود احمد، سیکرٹری صحت خیبرپختونخوا فیاض علی شاہ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر نعیم اعوان، ڈین ایم ٹی آئی سوات پروفیسر ڈاکٹر اسرار الحق، ایم ایس ڈاکٹر محمد سلیم، ڈی ایچ او سوات اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں سیدو گروپ آف ٹیچنگ ہسپتال، سنٹرل ہسپتال سیدو شریف، ایم ٹی آئی سوات اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال سوات سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ حکام نے صوبائی وزیر صحت کو ہسپتالوں میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، انتظامی امور، ہسپتالوں کی کارکردگی اور دیگر اہم اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمان نے کہا کہ مریضوں کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ صحت کے شعبے سے متعلق تمام فیصلے باہمی مشاورت، شفافیت اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جائیں گے۔صوبائی وزیر صحت نے ہدایت کی کہ ایم ٹی آئی سوات اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال سوات کی انتظامیہ باہمی مشاورت سے جامع پلان تیار کرے، جس میں مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی، انتظامی امور، وسائل کے مؤثر استعمال اور دیگر متعلقہ معاملات کا قابلِ عمل حل شامل ہو۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مذکورہ پلان محکمہ صحت کو ارسال کیا جائے تاکہ اس کا جائزہ لے کر آئندہ کے اقدامات کیے جا سکیں۔صوبائی وزیر صحت نے تمام متعلقہ امور کا جائزہ لینے اور شفاف، منصفانہ اور قابلِ عمل سفارشات مرتب کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی۔خلیق الرحمان نے کہا کہ سوات میں اجلاس منعقد کرنے کا بنیادی مقصد عوام کو درپیش مسائل کا مقامی سطح پر جائزہ لینا اور زمینی حقائق کی روشنی میں ایسے اقدامات کرنا ہے جن سے عوام اور مریضوں کو براہِ راست فائدہ پہنچے۔انہوں نے واضح کیا کہ صحت کے شعبے میں تمام فیصلوں کا محور مریض ہوگا اور ایسے اقدامات کو ترجیح دی جائے گی جن سے مریضوں کو بہتر، مؤثر اور معیاری طبی خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔صوبائی وزیر صحت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مریضوں کی سہولت، طبی خدمات کے معیار اور ہسپتالوں کی مجموعی کارکردگی میں بہتری کے لیے مربوط حکمتِ عملی کے تحت عملی اقدامات کیے جائیں۔صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمان نے کہا کہ حکومت کا مقصد ہسپتالوں کے انتظامی و طبی نظام کو مزید مؤثر بنانا اور عوام کو ان کی دہلیز پر بہتر صحت کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

مزید پڑھیں