خیبر پختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ فضل شکور خان کی زیرِ صدارت ضلع چارسدہ، بالخصوص حلقہ پی کے 65 میں محکمہ مواصلات کے نئے اور جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اہم اجلاس جمعرات کے روز صوبائی وزیر کے دفتر میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ایکسین ہائی وے ڈویژن چارسدہ سمیت محکمہ مواصلات کے دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ایکسین ہائی وے ڈویژن چارسدہ نے صوبائی وزیر کو ضلع چارسدہ اور بالخصوص پی کے 65 میں محکمہ مواصلات کے تحت جاری، نئے، مکمل ہونے والے اور تکمیل کے قریب ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں مختلف سڑکوں کی تعمیر و بحالی، رابطہ سڑکوں کی بہتری، جاری ترقیاتی سکیموں پر کام کی پیش رفت اور منصوبوں کی تکمیل سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے متعلقہ افسران سے ترقیاتی منصوبوں کی موجودہ صورتحال، کام کے معیار، مقررہ مدت کے اندر تکمیل اور عوام کو درپیش مشکلات کے حوالے سے تفصیلات دریافت کیں۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ ضلع چارسدہ اور خصوصاً پی کے 65 میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور تکمیل کے قریب منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے، تاکہ ان کے ثمرات جلد از جلد عوام تک پہنچ سکیں۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ قابلِ قبول نہیں، جبکہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کو بھی ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولیات کی فراہمی موجودہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اس لیے ایسے منصوبے جو براہِ راست عوام کو بہتر سفری سہولیات اور علاقوں کے درمیان رابطے کی بہتری فراہم کرتے ہیں، ان پر خصوصی توجہ دی جائے.صوبائی وزیر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ نئے ترقیاتی منصوبوں کی منصوبہ بندی میں مقامی ضروریات اور عوامی مسائل کو مدِنظر رکھا جائے، جبکہ جاری منصوبوں میں حائل رکاوٹوں کو باہمی مشاورت سے دور کرکے ان کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔
