عوامی منصوبوں میں معیار اور رفتار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ترقیاتی فنڈز عوام کی فلاح و بہبود پر شفاف انداز میں خرچ کیے جائیں: شکیل احمد

خیبر پختونخوا کے وزیر مواصلات و تعمیرات شکیل احمد اور محکمہ مواصلات و تعمیرات کے پارلیمانی سیکرٹری میاں شرافت علی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ حلقہ پی کے 3 برسوات میں جاری تمام عوامی ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور انہیں مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے۔ یہ ہدایات انہوں نے پشاور میں حلقہ پی کے 3 سے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں اس موقع پر خیبر پختونخوا ہائی وے اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر سہیل احمد خان،چیف انجینیئر نارتھ اسد خان،اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں صوبائی وزیر کو بریفنگ دی گئی اور برسوات میں عوامی ترقیاتی منصوبوں پر جاری ترقیاتی کاموں سے متعلق جائزہ لیا گیا اور عوامی ترقیاتی منصوبوں کو بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے کئی اہم فیصلے بھی کیے گئے۔ صوبائی وزیر مواصلات نے نے واضح کیا کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کے ساتھ ساتھ تعمیراتی کام کے معیار اور مقدار پر بھی خصوصی توجہ دی جائے، اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس کے دوران حلقہ پی کے 3 برسوات میں جاری اور منظور شدہ ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے شکیل احمد نے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی خدمت کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔ عوام کے ٹیکسوں اور سرکاری خزانے سے مختص فنڈز عوام ہی کی فلاح و بہبود اور ترقی پر خرچ کیے جائیں گے اور ان کے درست، شفاف اور مؤثر استعمال کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جاری منصوبوں کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے، تعمیراتی کام میں مقررہ معیار اور محکمہ کے وضع کردہ قواعد و ضوابط پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے صرف کاغذی کارروائی تک محدود نہیں ہونے چاہئیں بلکہ ان کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچنے چاہئیں۔پارلیمانی سیکرٹری میاں شرافت علی نے کہا کہ پی کے 3 برسوات کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور علاقے کی پائیدار ترقی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات مزید مؤثر بنائے جائیں۔شکیل احمد نے مزید کہا کہ حکومت ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور عوامی پیسے کی ایک ایک پائی کا درست استعمال یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بہتر معیار کے ترقیاتی منصوبے علاقے کی ترقی، عوام کی سہولت اور حکومت پر اعتماد میں اضافے کا باعث بنتے ہیں۔

مزید پڑھیں