سیکرٹری محکمہ زراعت خیبرپختونخوا ڈاکٹر محمد بختیار خان کی زیر صدارت محکمہ زراعت کی آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں زمینداروں اور کاشتکاروں کے مسائل سنے گئے اور متعلقہ حکام کو ان کے فوری اور موثر ازالے کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت کی گئی۔آن لائن کھلی کچہری میں محکمہ زراعت کی مختلف ونگز کے ڈائریکٹر جنرلز، متعلقہ افسران اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر صوبے کے مختلف علاقوں سے زمینداروں اور کاشتکاروں نے محکمہ زراعت سے متعلق اپنے مسائل، مشکلات اور تجاویز آن لائن سیکرٹری زراعت کے سامنے پیش کیں۔ سیکرٹری زراعت ڈاکٹر محمد بختیار خان نے زمینداروں کے مسائل غور سے سنے اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کھلی کچہری میں پیش کیے گئے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں اور زمینداروں کو ریلیف کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت زمینداروں اور کاشتکاروں کو درپیش مسائل کے حل اور انہیں بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کسی بھی قسم کی بدعنوانی یا بے قاعدگی کے مصدقہ شواہد پر ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈاکٹر محمد بختیار خان نے کہا کہ زمینداروں کی سہولت اور زرعی شعبے کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بہتر سے بہتر فیصلے کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھاد کی دستیابی اور کسانوں کو درپیش مشکلات کے ازالے کے لیے مناسب اقدامات کیے جائیں گے۔سیکرٹری زراعت نے مزید کہا کہ صوبے کے زرعی شعبے میں نوجوانوں کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کے لیے زرعی گریجویٹس کے انٹرن شپ پروگرام کے حوالے سے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں، تاکہ نئے گریجویٹس کو عملی تجربہ حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ محکمہ زراعت کی استعداد کار میں بھی اضافہ کیا جا سکے۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کھلی کچہری میں سامنے آنے والی شکایات پر پیش رفت کو یقینی بنایا جائے اور زمینداروں کے مسائل کے بروقت ازالے کے لیے مؤثر رابطہ کاری برقرار رکھی جائے۔
