چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ نے پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) کے زیرِ تعمیر منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا بذاتِ خود جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پی ڈی اے، چیف انجینئر پی ڈی اے اور دیگر متعلقہ افسران بھی چیف سیکرٹری کے ہمراہ موجود تھے۔دورے کے دوران چیف سیکرٹری نے دلازک چوک انڈرپاس، ہزار خوانی اوورپاس اور حیات آباد ٹول پلازہ انڈرپاس پر جاری تعمیراتی کام کا معائنہ کیا، جبکہ ورسک روڈ اور پلوسئی فلائی اوورز کے منصوبوں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پی ڈی اے نے چیف سیکرٹری کو مکمل اور زیرِ تکمیل منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں مذکورہ انڈرپاسز اور فلائی اوورز کی موجودہ تعمیراتی صورتحال اور تکمیل کے متوقع ٹائم لائن سے آگاہ کیا گیا۔اس دوران چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ تمام زیرِ تعمیر منصوبے مقررہ معیار اور طے شدہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو تعمیراتی کاموں میں تیزی لانے اور کوالٹی کنٹرول کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایت پر پشاور شہر میں پشاور ریوائیٹیلازیشن پلان کے تحت ٹریفک روانی بہتر بنانے، خوبصورتی میں اضافے اور شہریوں کی مشکلات کم کرنے کے لیے مختلف مقامات پر انڈرپاسز اور فلائی اوورز کی تعمیر کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کئے جارہے ہیں، اور اس ضمن میں پی ڈی اے کے منصوبوں کی نگرانی اعلیٰ سطح پر جاری ہے۔
