پی کے 55 مردان میں زرعی و تعلیمی شعبوں کی ترقی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، زمینداروں کو سہولیات اور کالجوں کو درکار وسائل فراہم کیے جائیں: معاونِ خصوصی برائے بہبودِ آبادی طفیل انجم کی متعلقہ حکام کو ہدایت

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے بہبودِ آبادی طفیل انجم نے کہا ہے کہ زراعت کے شعبے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرکے زرعی پیداوار میں اضافہ اور زمینداروں کی فلاح و بہبود یقینی بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے زرعی شعبے کی ترقی کے لیے جامع اور مؤثر منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز پشاور میں ضلع مردان کے حلقہ پی کے 55 میں محکمہ زراعت کے مختلف شعبوں، بشمول ایکسٹینشن، ریسرچ اِن فارم، واٹر مینجمنٹ، سوائل کنزرویشن اور زرعی انجینئرنگ سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ضلع کی سطح پر زمینداروں اور کسانوں کی فلاح و بہبود، زرعی پیداوار میں اضافے کے لیے جاری اقدامات، نئے منصوبوں اور کسان آگاہی مہم کے حوالے سے معاونِ خصوصی کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے طفیل انجم نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ زمینداروں کو جدید زرعی طریقوں، پانی کے مؤثر استعمال، مٹی کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے حوالے سے ضروری رہنمائی اور سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے کی ترقی سے نہ صرف کسانوں کی معاشی حالت بہتر ہوگی بلکہ صوبے کی مجموعی معیشت اور غذائی تحفظ کو بھی فروغ ملے گا۔بعد ازاں معاونِ خصوصی طفیل انجم نے حلقہ پی کے 55 مردان میں تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور کالجوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے ایک الگ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج خیرآباد مردان، گورنمنٹ ڈگری کالج بخشالی، گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج رستم اور گورنمنٹ ڈگری کالج ساول ڈھیر سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں متعلقہ کالجوں میں فرنیچر، تدریسی و غیر تدریسی عملے کی کمی، فنڈز اور دیگر ضروری سہولیات سمیت مختلف مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ معاونِ خصوصی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام کالجوں کی ضروریات کا ترجیحی بنیادوں پر تعین کرکے مطلوبہ فنڈز اور سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔طفیل انجم نے کہا کہ معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی دستیابی ناگزیر ہے۔ طلبہ و طالبات کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں درپیش مسائل کے حل میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کالجوں میں سٹاف کی کمی، فرنیچر اور دیگر مسنگ سہولیات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے تاکہ طلبہ و طالبات کا تعلیمی سلسلہ بلاتعطل جاری رہ سکے اور انہیں معیاری تعلیمی ماحول میسر آئے۔

مزید پڑھیں