مشیر وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا برائے زکوٰۃ و عشر، سماجی بہبود، خصوصی تعلیم و ویمن ایمپاورمنٹ ملک لیاقت علی خان کی زیرِ صدارت زکوٰۃ و سماجی بہبود کے تحت مستحق، خصوصی و افراد، یتیم بچوں کے جامع ڈیٹا مکمل کرنے کے لیے جاری ڈیٹا کلیکشن کمپین 2026 کی پیش رفت کا ایک جائزہ اجلاس پشاور میں منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری سماجی بہبود شریف حسین بھی موجود تھے، جبکہ صوبے کے مختلف اضلاع کے ضلعی زکوٰۃ افسران اور ضلعی سماجی بہبود افسران نے اجلاس میں زوم کے ذریعے شرکت کی۔اجلاس کے دوران تمام اضلاع میں جاری ڈیٹا کلیکشن کے عمل، اب تک کی پیش رفت اور مرتب کیے جانے والے ڈیٹا کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی کہ خصوصی و معذور افراد، یتیم بچوں، مستحق خاندانوں، خواتین، بزرگ شہریوں اور دیگر مستحق افراد کا ڈیٹا کیٹیگری وائز مرتب کیا جائے اور ہر ضلع سے درست، مکمل اور مستند ڈیٹا حاصل کیا جائے، جس کا مقصد انکی مستحق خصوصی افراد کی درجہ بندی ہے ،ملک لیاقت علی خان نے ہدایت کی کہ ڈیٹا کلیکشن کے عمل میں مکمل شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی مستحق، یتیم، معذور یا خصوصی فرد کا حق کسی غیر مستحق شخص کو نہ مل سکے اور زکوٰۃ و دیگر حکومتی فلاحی وسائل صرف حقیقی حقداروں تک پہنچیں۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ہر ضلع سے موصول ہونے والے ڈیٹا کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے، تمام معلومات کو باقاعدہ ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے اور مستحق افراد کے حوالے سے ضروری دستاویزی ثبوت اور متعلقہ ریکارڈ بھی محفوظ رکھا جائے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈیٹا کلیکشن کمپین کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ہر دس دن کے اندر باقاعدگی سے اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ آئندہ اجلاس میں تمام اضلاع کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا، جس میں جمع کیے گئے ڈیٹا، متعلقہ ریکارڈ، دستاویزی ثبوت اور دیگر شواہد کی بھی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ملک لیاقت علی خان نے کہا کہ درست اور جامع ڈیٹا کی دستیابی سے زکوٰۃ کے مستحق افراد، خصوصی و معذور افراد اور یتیم بچوں کی حقیقی ضروریات کا تعین کرنے اور انہیں حکومتی فلاحی پروگراموں میں مؤثر انداز میں شامل کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ ڈیٹا کلیکشن کمپین 2026 کا بنیادی مقصد مستحق افراد، خصوصی و معذور افراد اور یتیم بچوں کی درست نشاندہی، ان کے حقوق کا تحفظ اور زکوٰۃ و فلاحی وسائل کی منصفانہ اور شفاف تقسیم کو یقینی بنانا ہے، اس لیے اس عمل میں کسی قسم کی غفلت، غلط اندراج یا غیر مستحق افراد کی شمولیت برداشت نہیں کی جائے گی۔
